جمیعت علمائے اسلام کا احتجاج جاری، متعدد مقامات پر ٹریفک روک دی

  • جمعہ 15 / نومبر / 2019
  • 5370

حکومت کے خلاف جمعیت علمائے اسلام(ف) کا احتجاج جاری ہے۔ آج کارکنوں نے شانگلہ میں دندائی کے مقام پر شاہراہ قراقرم کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بین الاقوامی روٹ بند ہونے سے مسافر پھنس گئے ہیں۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کارکنوں نے کراچی کے حب  روڈ پر جمعے کی نماز ادا کی۔  نماز کی ادائیگی کے بعد مظاہرین نے شاہراہ بند کردی اور مرکزی روڈ ٹریفک کے لیے آمد و روفت کے لیے بند ہوگئی۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنماؤں اور کارکنوں نے نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے اسلام آباد کی جی ٹی روڈ بھی ٹریفک کے لیے بند کردی۔ جے یو آئی (ف) کے رہنماؤں مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا عبدالرؤف، مولانا عبدالمجید ہزاروی، حافظ ضیاء الرحمن اور مفتی اویس نے پارٹی کارکنوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے کے لیے پولیس تعینات کی گئی ہے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینئر پارٹی رہنما کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن احتجاج میں شریک کارکنوں سے ملاقات کے لیے خیبرپختونخوا کے ضلع لوئر دیر کے علاقے چکدرہ کا دورہ کریں گے۔ مولانا فضل الرحمٰن سوات میں رات گزاری تھی اور واپسی پر چکدرہ میں شرکا سے خطاب کریں گے۔