نواز شریف منگل کو بیرون ملک روانہ ہوں گے

  • اتوار 17 / نومبر / 2019
  • 5400

العزیزیہ اسٹیل ملز کیس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف لاہور ہائی کورٹ سے اجازت ملنے کے بعد علاج کے لیے  دو روز بعد  بیرون ملک روانہ ہوں گے۔

لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز سابق وزیر اعظم نواز شریف کو علاج کی غرض سے چار ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔ میاں محمد نواز شریف کی صحت کے حوالے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف علاج کے لیے منگل کو بیرون ملک روانہ ہوں گے۔

بیرون ملک روانگی کے حوالے سے مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ نواز شریف کو لے جانے کے لیے ایئر ایمبولینس منگل کی صبح لاہور پہنچے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو سفر کے قابل بنانے کے لیے ڈاکٹرز نے صلاح مشورے کئے ہیں۔ اسٹیرائڈ کی ہائی ڈوزز دینے کا عمل جاری ہے تاکہ پلیٹ لیٹس کی مقدار سفر کے قابل ہو سکے۔

نواز شریف گزشتہ ماہ سے زیر علاج ہیں۔ ان کو پلیٹ لیٹس کم ہونے کے باعث نیب حوالات سے لاہور کے سروسز اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ انہیں چوہدری شوگر ملز کیس میں نیب نے حراست میں لیا تھا جس پر لاہور ہائی کورٹ نے انہیں ضمانت دے دی تھی جب کہ العزیزیہ اسٹیل مل کیس میں گزشتہ سال احتساب عدالت نے انہیں سات سال قید کی سزا سنائی تھی۔

گزشتہ ماہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ اسٹیل ملز کیس میں نواز شریف کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں طبی بنیادوں پر آٹھ ہفتوں کے لیے ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔