پاکستان کا زمین سے زمین تک مارکرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین ون کا کامیاب تجربہ
- سوموار 18 / نومبر / 2019
- 4660
پاکستان نے اپنے میزائل کے نظام میں اضافہ کرتے ہوئے زمین سے زمین تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والے شاہین ون بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تربیتی مشق کے طور پر کیے گئے میزائل تجربے کا مقصد آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کی آپریشن تیاریوں کو آزمانا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شاہین ون میزائل 650 کلو میٹر تک تمام اقسام کے وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بیان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویژن، کمانڈر آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ، چیئرمین نیسکام، اسٹریٹجک پلانز ڈویژن سے تعلق رکھنے والے سینئر افسران، آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ، سائنسدانوں اور انجینئرز کی موجودگی میں یہ تجربہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افواج کی جانب سے مضبوط ہتھیاروں کے نظام کو سنبھالنے اور چلانے میں اعلیٰ صلاحیت کا مظاہرہ کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان نے ایس ایس بی ایم شاہین ون میزائل کا کامیاب تجربہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین ون بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب گزشتہ روز بھارت نے آگنی 2 میزائل کا تجربہ کیا تھا۔