نیدر لینڈ کی ملکہ تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئیں
- سوموار 25 / نومبر / 2019
- 4160
نیدرلینڈز کی ملکہ میکسیما اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی خصوصی ایڈووکیٹ فنانس فار ڈیولپمنٹ کی حیثیت سے 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئی ہیں۔
پاکستان آمد پر وزارت خارجہ کے سینئر عہدیداران اور نیدرلینڈز کے سفارت خانے کے نمائندوں نے نور خان ایئر بیس پر ملکہ میکسیما کا استقبال کیا۔ نیدرلینڈز کی ملکہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل (یو این ایس جی ایس اے) انتونیو گوتیرس کی خصوصی ایڈووکیٹ فنانس فار ڈیولپمنٹ کی حیثیت سے پاکستان آئی ہیں۔
دورہ پاکستان کے دوران ملکہ میکسیما صدرِ مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کریں گی۔ نیدرلینڈز کی ملکہ سرکاری اور نجی شعبے سے تعلق رکھنے والے دیگر اسٹیک ہولڈرز سے بھی ملاقاتیں کریں گی۔ وہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے منصوبے مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گی۔ اسٹیٹ بینک کے مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے کے اقدام کا مقصد چھوٹے قرضوں پر شرح منافع میں کمی اور رقوم کی ڈیجیٹل منتقلی کو فروغ دینا ہے تاکہ عوام کو فائدہ پہنچایا جائے اور انہیں مالیاتی شعبے میں بھی شامل کیا جاسکے۔
نیدرلینڈز کی ملکہ اس سے قبل فروری 2016 میں بھی پاکستان کا دورہ کرچکی ہیں۔ گزشتہ ماہ برطانیہ کی شہزادی کیٹ میڈلٹن اور شہزادہ ولیم نے بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا لیکن وہ معاشی حوالے سے نہیں تھا۔ دفتر خارجہ کے مطابق نیدرلینڈز کی ملکہ معاشی حوالے سے اقوام متحدہ میں ان کے منصب کے تحت دورہ کررہی ہیں۔
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اعلامیے میں پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کو قرض کی دوسری قسط جاری کرنے کی سفارش کی تھی۔