فارن فنڈنگ کیس: تحریک انصاف کا چیف الیکشن کمشنر پر عدم اعتماد
- سوموار 25 / نومبر / 2019
- 6780
پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی غیر جانبداری پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ پارٹی کا مؤقف ہے کہ الیکشن کمیشن کو تحریک انصاف کے علاوہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو بیرون ملک سے ملنے والی فنڈنگ پر بیک وقت غور کرنا چاہئے۔
روزنامہ ڈان کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر پر عدام اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ اس بارے میں وزیر اعظم کی مشیر فردوس عاشق اعوان نے اجلاس کے بعد ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’سوال ہے کہ دال میں کچھ کالا ہے یا دال ہی کالی ہے‘۔
کور کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں کچھ بھی نہیں ہے۔ فارن فنڈنگ کیس سامنے لانے کا مقصد حقائق سے منہ موڑنا ہے۔ دھرنے میں ناکامی ہوئی، اب فارن فنڈنگ کیس آگیا۔ اپوزیشن کا ایک ہی مقصد رہ گیا ہے کہ حکومت کی کامیابیاں عوام تک نہ پہنچیں۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس میں ارکان نے دبے الفاظ میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھا یے۔ عمران خان نے پنجاب کے انتظامی امور پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں گڈ گورننس کے لیے افسران کو تبدیل کرنا پڑے تو کریں۔
اتوار کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں ملک کی معاشی وسیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ارکان نے پنجاب حکومت کے انتظامی امور پر شدید تحفظات کا اظہار کیا جس کے بعد وزیراعظم کو بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا مشورہ دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزارتوں کے سیکریٹریز اور اداروں کے سربراہوں کو بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس حوالے سے وزیراعلی پنجاب سے مشاورت کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کور کمیٹی ارکان نے دبے الفاظ میں وزیراعظم کو بتایا کہ عثمان بزدارکارکردگی نہیں دکھا پا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں نواز شریف کے بیرون ملک جانے پر بات ہوئی۔ عمران خان کا کہنا تھاکہ نوازشریف کو باہر گئے کافی دن ہوگئے لیکن ابھی تک مرض کی تشخیص نہیں ہوئی۔ نون لیگ ان کی بیماری کو سیاست کیلئے استعمال کررہی ہے۔