عراق میں پُرتشدد مظاہرے، 16 افراد ہلاک، ایرانی قونصلیٹ کو آگ لگا دی گئی
- جمعرات 28 / نومبر / 2019
- 4870
عراق میں پرتشدد مظاہروں کے دوران مشتعل افراد نے جنوبی شہر نجف میں ایرانی قونصلیٹ کو آگ لگا دی۔ سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
مختلف شہروں میں مظاہرین سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ مظاہرین نے نجف میں ایرانی قونصلیٹ پہنچ کر اسے آگ لگائی جسے کے بعد انتظامیہ نے شہر میں کرفیو نافذ کر دیا۔ کشیدہ حالات کے بعد پولیس اور فوج نے جمعرات کو شورش زدہ شہروں میں سیکیورٹی کی ذمہ داری سنبھال لی۔ ناصریہ شہر میں فائرنگ سے 16 افراد کو ہلاک ہوئے۔
پولیس اور سول ڈیفنس حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی قونصلیٹ پر حملہ سے قبل عملہ باہر نکل چکا تھا۔ یاد رہے کہ عراق میں ایران کی مبینہ مداخلت اور حکومت کی نااہلی کے خلاف یکم اکتوبر کو دارالحکومت بغداد سے شروع ہونے والے مظاہرے جنوبی شہروں تک پہنچ چکے ہیں۔ مظاہرین کی جانب سے ایرانی قونصلیٹ کو نذر آتش کیے جانے کا اب تک کا سب سے شدید رد عمل ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ تر سیاست دان بدعنوان اور ایران سمیت غیر ملکی طاقتوں کے آلہ کار ہیں۔ 2017 میں جنگجو تنظیم داعش کو شکست دینے کے باوجود حکومت ملک میں استحکام لانے میں مکمل طور پر ناکام ہے۔
دوسری جانب عراقی کے فوجی حکام نے جمعرات کو کہا ہے کہ انہوں نے مظاہروں کی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے ’کرائسز سیلز‘ بنائے ہیں جن میں فوجی اور سول حکام شامل ہوں گے۔ فوجی حکام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ سیلز صوبائی گورنر کی سربراہی میں کام کریں گے اور فوجی حکام ارکان کی حیثیت سے ان کرائسز سیلز میں شامل رہیں گے۔ بیان کے مطابق فوجی حکام سیکیورٹی صورتِ حال کو بھی قابو میں رکھیں گے۔