آصف زرداری و فریال تالپور درخواست ضمانت سماعت کیلئے منظور
- منگل 03 / دسمبر / 2019
- 4520
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کی جانب سے دائر کی گئی درخواست ضمانت سماعت کے لیے منظور کرلی ہے۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل اسپیشل بینچ کل (بدھ) کو اس درخواست پر سماعت کرے گا۔ قبل ازیں سابق صدر کی جانب سے اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کے توسط سے عدالت میں جعلی اکاؤنٹس اور پارک لین کیسز میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کی گئی تھی۔ آصف زرداری کی جانب سے طبی بنیادوں پر ضمانت کے لیے دائر کی گئی۔ درخواست میں قومی احتساب بیورو اور احتساب عدالت نمبر 2 کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ درخواست گزار قانون پر عملدرآمد کرنے والی شخصیت ہے اور ان کی عوام میں ایک اچھی ساکھ ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ درخواست گزار پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے شوہر ہیں جبکہ وہ 2008 سے 2013 تک ملک کے 11ویں صدر بھی رہ چکے ہیں۔
آصف زرداری نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ان پر بنائے گئے کیسز جعلی اور من گھڑت ہیں۔ درخواست میں کہا گیا کہ آصف علی زرداری دل کے مریض ہیں اور ان کے 3 اسٹنٹ ڈالے جاچکے ہیں جبکہ ان کے سینے سے ہولٹر مانیٹر بھی لگا ہوا ہے۔ تاکہ ڈاکٹر ان کی دھڑکن کو مانیٹر کرسکیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ آصف زرداری کو ذیابیطس کا مرض بھی ہے اور ان کا شوگر لیول اوپر اور نیچے خطرناک حد تک ہوتا رہتا ہے، جس کی نگرانی کی ضرورت ہے۔ درخواست گزار کو مزید بیماریاں بھی لاحق ہیں، لہٰذا ان کے علاج کے لیے طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت منظور کی جائے۔
فریال تالپور کی جانب سے بھی ضمانت کی درخواست دائر کی گئی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ وہ ایک خصوصی بچی کی والدہ ہیں اور ان بچی کی دیکھ بھال کے لیے ٹرائل مکمل ہونے تک ضمانت دی جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی، آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت کے لیے درخواست دے گی اور امید ہے فوری اجازت مل جائے گی۔