مسلم لیگ (ن) کا وفد اہم سیاسی معاملات پر پارٹی قیادت سے مشاورت کیلئے لندن روانہ

  • جمعرات 05 / دسمبر / 2019
  • 4490

مسلم لیگ (ن) کے اراکین کا ایک پارلیمانی گروپ تاحیات قائد نواز شریف سے ملنے اور پارٹی کے صدر شہباز شریف سے اہم معاملات پر مشاورت کے لیے لندن روانہ ہوگیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کا وفد پارلیمانی معاملات پر قیادت کی رہنمائی حاصل کرے گا۔ پارٹی کے ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کی سینئر قیادت کا اجلاس جمعہ کو ہوگا۔ خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف خرابی صحت کے باعث علاج کے سلسلے میں لندن میں موجود ہیں جبکہ شہباز شریف ان کے ہمراہ وہاں ہیں۔

مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر امیر مقام کے ترجمان کا کہنا تھا کہ وہ صبح کے اوقات میں اسلام آباد سے لندن کے لیے روانہ ہوئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امیر مقام مسلم لیگ (ں) کے وفد سے علیحدہ گئے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے ورکرز نے تصدیق کی ہے کہ پارٹی کے لیے پارلیمانی مشاورت گروپ لندن روانہ ہوا اور اس گروپ میں مریم اورنگزیب، رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف، رانا تنویر، سردار ایاز صادق اور سینیٹر پرویز رشید شامل ہیں۔ پارٹی کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال کل روانہ ہوں گے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ گروپ، پارٹی قیادت سے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق قانون سازی، الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اراکین کے تقرر اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرے گا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق قانون سازی پر ان کی جماعت کی پوزیشن کا حتمی فیصلہ نواز شریف کریں گے۔