پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ میں فواد عالم کی واپسی
- ہفتہ 07 / دسمبر / 2019
- 4650
قومی ٹیم کے ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔ 10 سال بعد فواد عالم کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس میں مصباح الحق نے کہا کہ ہماری ساری توجہ سری لنکا کے خلاف سیریز پر مرکوز ہے۔ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بلے باز فواد عالم نے آخری مرتبہ 2009 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ڈونیڈن میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ انہوں نے جولائی 2009 میں سری لنکا کے خلاف اپنے پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنائی تھی۔ فواد عالم نے 16 سالہ فرسٹ کلاس کیریئر میں 56.84 کی بہترین اوسط سے 12 ہزار 222 رنز بنارکھے ہیں۔
چیف سلیکٹر مصباح الحق نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ہم سمجھتےہیں ہم نے میچ وننگ ٹیم بنائی ہے اور ٹیم منتخب کرنے کے لیے ہم نے کافی مشاورت کی ہے۔ پاکستان میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ بحال ہورہی ہے۔ پاک سری لنکا سیریز کے نتائج ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے اہم ہوں گے۔ مصباح الحق نے بتایا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کپتان اظہر علی ہوں گے۔
کپتان کے علاوہ اسکواڈ میں عابد علی، بابر اعظم، اسد شفیق،فواد عالم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان (جونیئر) ، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود،یاسر شاہ اور عثمان شنواری شامل ہیں۔
مصباح الحق نے کہا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں فواد عالم کو افتخار احمد کی جگہ اور محمد موسیٰ کی جگہ عثمان شنواری کوٹیم میں شامل کیاگیا ہے۔ محمد موسیٰ اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں لیکن وہ ٹیم کے ساتھ ہوں گے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں فواد عالم کی 4 سے 5 برس کی پرفارمنس بہت اچھی رہی ہے۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ باؤلنگ کے لحاظ سے ہم تھوڑی جدوجہد کررہے ہیں اور عثمان شنواری کی فارم اس حوالے سے بہت اچھی ہے۔ اس حوالے سے سب کی رائے ہے کہ عثمان شنواری کی انرجی اور باؤلنگ بہت زبردست رہی ہے اس لیے انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔