نئی دہلی: پلاسٹک فیکٹری میں آگ لگنے سے 43 افراد ہلاک
- اتوار 08 / دسمبر / 2019
- 4140
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں اسکول بیگ بنانے والی پلاسٹک فیکٹری میں آتشزدگی کے باعث 43 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
پولیس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شہر کے پرانے شہر کے علاقے میں واقع فیکٹری میں صبح سویرے ہی آگ بھڑک اٹھی تھی۔ پولیس کے مطابق حادثہ کی جگہ انتہائی تنگ ہے اور وہاں متعدد چھوٹے کارخانے اور اسٹوریج یونٹس ہیں۔
نئی دہلی کے نائب چیف فائر آفیسر سنیل چودھری نے بتایا کہ کم از کم 50 افراد کو بچا لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ جس عمارت میں آگ لگی وہ چار یا پانچ منزلہ تھی اور اس کے اندر مزدور اور فیکٹری کے دیگر کارکن سو رہے تھے۔ چیف فائر آفیسر نے بتایا کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے لیکن امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
امدادی کارروائیاں کرنے والے ادارے کے حکام کا کہنا تھا کہ صدر بازار کے تجارتی مرکز میں اندھیرے اور ناقص روشنی کے باعث متاثرہ مقام تک رسائی حاصل کرنا بہت مشکل تھا۔ مقامی نیوز چینلز نے آگ بجھانے والے افراد کی فوٹیج نشر کی جس سے لوگوں کو تنگ گلیوں سے نکال کر قریب میں موجود امدادی گاڑیوں تک پہنچایا گیا۔
فائر فائٹرز کے اہلکاروں نے بتایا کہ عمارت اسکول کے تھیلے اور پیکنگ میٹریل سے بھری ہوئی تھی لیکن تاحال آگ لگنے کی وجہ کے بارے میں معلومات نہیں مل سکیں۔ دہلی کے شمالی ضلع کی ڈپٹی پولیس کمشنر مونیکا بھردواج نے بتایا کہ اس واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 43 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 16 دیگر افراد ابھی بھی مقامی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
بھاردواج نے مزید بتایا کہ فائر ڈپارٹمنٹ نے امدادی کام مکمل کرلیا ہے اور وقوعہ پر مزید لاشیں نہیں ہیں تاہم ہمیں ابھی تک آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 'رانی جھانسی روڈ پر دہلی انج منڈی میں آتشزدگی انتہائی خوفناک تھی۔ میری ہمدردیاں ان لوگوں کے ساتھ ہیں، جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا'۔ انہوں نے مزید کہا کہ 'زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں' ۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اس واقعے کو انتہائی افسوسناک خبر قرار دیا۔
کیجریوال نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ریسکیو آپریشن جاری ہیں، فائر مین اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں جبکہ زخمیوں کو ہسپتالوں میں لے جایا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ رواں برس مئی میں بھارتی ریاست گجرات کے علاقے سورت میں کوچنگ سینٹر میں آگ لگنے سے 16 طالبات سمیت 19 طلبہ ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔