سندھ کابینہ نے طلبہ یونین کی بحالی کا بل منظور کرلیا

  • سوموار 09 / دسمبر / 2019
  • 6580

سندھ کابینہ نے صوبے میں طلبہ یونین کو بحال کرنے کا بل منظور کرلیا ہے۔ کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی سربراہی میں سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔

کابینہ اجلاس کے دوران صوبے میں طلبہ یونین کو بحال کرنے کے لیے سندھ اسٹوڈنٹ یونین بل 2019 کی منظوری دی گئی۔ مجوزہ بل کے متن کے مطابق طلبہ یونین کسی بھی تعلیمی ادارے، تعلیمی تربی ادارے چاہے وہ سرکاری ہو یا نجی اس میں بنائی جاسکتی ہے۔ تاہم مجوزہ بل کے متن کے مطابق طلبہ یونین تعلیمی سرگرمیوں کو نہیں روک سکیں گی۔ طلبہ یا طلبہ کے گروپ میں نفرت پھیلانا خلاف قانون ہوگا۔

اس کے علاوہ طلبہ یونین کے لئے اسلحہ رکھنا اور اس کا استعمال کرنا یا تعلیمی اداروں میں اس کو لانا خلاف قانون ہوگا۔ مجوزہ بل کے متن میں لکھا گیا ہے کہ طلبہ یونین کا کام تعلیمی ماحول بہتر کرنا، نظم و ضبط پیدا کرنا، غیرنصابی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے کام کریں گی۔ بل کے مطابق طلبہ یونین 7 سے 11 اراکین پر مشتمل ہوگی اور یہ طلبہ ہی منتخب کریں گے جبکہ طلبہ یونین کا کام سماجی اور تعلیمی سرگرمیوں کو بہتر کرنا ہوگا۔

یہ بل صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، جس کے بعد اسے قائمہ کمیٹی برائے قانون میں بھیجا جائے گا اور پھر دوبارہ اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کرکے تمام اسٹیٹ ہولڈرز کی مشاورت سے پاس کیا جائے گا۔ اس سے قبل 2 دسمبر کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبائی اسمبلی کی جانب سے طلبہ یونین پر عائد پابندی ختم کرنے لیے قرارداد کی منظوری کے بعد اہم فیصلہ کرتے ہوئے طلبہ یونین بحال کرنے کی منظوری دی تھی۔

سندھ حکومت کے ترجمان اور مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی مرتضی وہاب نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ سندھ اسمبلی طلبہ یونین کی بحالی کے حوالے سے قرارداد منظور کرچکی ہے اور چیئرمین پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری بھی اس حوالے سے اعلانات کر چکے ہیں۔

29 نومبر کو طلبہ یونین کی بحالی سمیت مطالبات کا چارٹر پیش کرنے کے لیے اسٹوڈنٹ ایکشن کمیٹی (ایس اے سی) کی قیادت میں ملک بھر  میں طلبہ یکجہتی مارچ ہوا تھا، جس میں طلبہ کے ساتھ ساتھ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی تھی۔

ملک میں طلبہ یونین کی بحالی کے مطالبات میں تیزی آنے پر وزیراعظم عمران خان نے بھی اپنے ایک ٹوئٹ میں جامعات میں طلبہ یونین کی بحالی کا اشارہ دیا تھا۔