حکومت میڈیا کو پابند کرنا چاہتی ہے: فردوس عاشق اعوان
- منگل 10 / دسمبر / 2019
- 5210
وزیر اعظم کی مشیر برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے ملک سے بھاگے ہوئے سزا یافتہ لیڈروں کو میڈیا پر ہیرو کے طور پر پیش کرنے کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے۔ اس سلسلہ میں میڈیا کو پابند کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔
آج کابینہ کے اجلاس کے بعد انہوں نے کہا کہ وزیر قانون کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ ہمارے معاشرتی نظام کو تباہ ہونے سے بچائیں۔ کیونکہ جس معاشرے میں جھوٹ اور سچ میں تفریق پیدا نہیں ہوتی وہ معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘چور، ڈاکو اور اس قوم کے ساتھ ناانصافیاں کرنے والے اگر مسیحا کے روپ میں چینلز یا میڈیا کی زینت بنیں گے تو اس سے معاشرہ تنزلی کا شکار ہوگا اور جرائم کی شرح کبھی کم نہیں ہوگی۔ بلکہ جرم کی حوصلہ افزائی ہوگی اس لیے انہیں ایجنڈا دیا گیا ہے کہ اس کی روک تھام کے لئے لائحہ عمل بنائیں۔
فردو عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کے صحت کے شعبے میں اصلاحات کے پروگرام کے تحت سہولیات کو بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے اور وزیراعظم نےوفاق کے زیر انتظام ہسپتالوں میں عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ کایبنہ اجلاس میں مسابقتی کمیشن نے ذخیرہ اندوزی کے تدارک کے لیےاقدامات سے آگاہ کیا اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف قوانین کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
مریم نواز کو نواز شریف کی عیادت کے لیے اجازت دینے کے حوالے سے ایک سوال پر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملے کابینہ میں زیر بحث آیا تھا اور درخواست کابینہ کی سب کمیٹی کو بھیج دی گئی جو جائزہ لے کر سفارشات پیش کرے گی۔
معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر قانون و انصاف نے وفاقی کابینہ کو اس معاملے پر بتایا کہ دنیا کے کسی ملک میں ایسا قانون موجود نہیں جو کسی سزا یافتہ بیمار قیدی سے ملاقات کے لیے بیٹی کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کی اجازت دیتا ہو اس کے لیے مریم نواز کو ٹھوس وجوہات دینا پڑیں گی۔