صدر ٹرمپ کامواخذہ: جوڈیشری کمیٹی نے دو الزامات کی منظوری دے دی

  • ہفتہ 14 / دسمبر / 2019
  • 4390

امریکی ایوان نمائندگان کی جوڈیشری کمیٹی نے جمعہ کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کے لیے دو الزامات کی منظوری دے دی۔ اس طرح  ایوان میں رائے شماری کے لیے راستہ ہموار ہوگیا ہے، جو اگلے ہفتے کے آغاز پر ہونے کا امکان ہے۔

کمیٹی میں ہونے والی رائے شماری میں ارکان نے پارٹی بنیاد پر ووٹ دیے۔ الزامات کے حق میں 23 اور مخالفت میں 17 ووٹ پڑے۔ صدر ٹرمپ پر اختیارات کے غلط استعمال اور کانگریس کی تفتیش میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ یہ دونوں الزامات اب پورے ایوان کے سامنے پیش ہوں گے جہاں ان پر مزید مباحثہ ہوگا۔ اس کے بعد ایوان میں بدھ کو حتمی ووٹنگ ہونے کا امکان ہے۔

پورے ایوان نے ان دونوں الزامات کی منظوری دی تو صدر ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی مکمل ہو جائے گی۔ لیکن اگلے سال کے اوائل میں یہ مقدمہ سینیٹ کے سامنے پیش ہوگا۔

رائے شماری کے کچھ لمحات بعد وائٹ ہاؤس کی خاتون ترجمان اسٹیفی گریشم نے ایک بیان میں ووٹنگ کی مذمت کی۔ گریشم نے کہا کہ ایوان نمائندگان کی جوڈیشری کمیٹی کی جانب سے مواخذے کی انکوائری مایوس کن کوشش تھی جو شرمناک انجام کو پہنچی۔ ایوان نے صدر کے ساتھ شایان شان سلوک نہیں کیا۔ وہ اس بات کے منتظر ہیں کہ سینیٹ ان سے بہتر برتاؤ کرے گی۔

جمعہ کی شام وائٹ ہاؤس میں پراگوے کے صدر ماریو ابدو بیجیز کے ہمراہ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا تھا کہ ڈیموکریٹس مواخذے پر سیاست کر رہے ہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ ’سیاسی طور پر اس میں میرے لیے بہتری ہے‘۔

صدر نے دعویٰ  کیا کہ ڈیموکریٹس مواخذے کی طاقت  کا بے جا استعمال کر رہے ہیں جو ملک کے لیے شرمندگی کا باعث ہے۔ صدر نے کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ سینیٹ میں اس مقدمے پر تیزی سے یا طویل مباحثہ ہو۔

ڈیموکریٹک پارٹی کی اکثریت والی کمیٹی نے جمعرات کو ریپبلیکن پارٹی کی جانب سے کی گئی کوششوں پر تنقید کی، جسے انہوں نے مجوزہ الزامات کو کمزور کرنے یا انہیں سرے سے نکالنے کی کوشش قرار دیا۔  کمیٹی نے کہا کہ آئندہ ہفتے ایوان نمائندگان کی متوقع نشست میں ان  الزامات کی منظوری دی جائے گی۔

ڈیموکریٹک قانون سازوں نے 14 گھنٹے تک ان دو الزامات پر تفصیلی مباحثہ کیا، جس دوران کئی بار دعوے اور جوابی دعوے کیے گئے۔ ریبپلیکنز نے مواخذے میں شامل کیے گئے الزام کہ صدر نے اختیارات کا غلط استعمال کیا کو مسترد کیا۔  ٹرمپ پر الزام ہے کہ انہوں نے 2020 کے انتخابات میں ڈیموکریٹ پارٹی کے ممکنہ مد مقابل امیدوار اور سابق نائب صدر جو بائیڈن کے خلاف تفتیش کے لئے یوکرائن پر دباؤ ڈالا۔

کمیٹی نے مواخذے میں شامل دوسرے الزام کی بھی منظوری دی جس میں کہا گیا ہے کہ مواخذے کی کارروائی پر مامور تفتیش کاروں کو سینکڑوں دستاویزات روک کر اور ٹرمپ انتظامیہ کے اہلکاروں کو سماعت میں شرکت سے روک کر، ٹرمپ نے کانگریس کی کارروائی میں رکاوٹ ڈالی۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے اکثریت والے ایوان نمائندگان میں ریپلیکن پارٹی کے ارکان کی جانب سے ٹرمپ کا مواخذہ روکنے کی کوششیں ناکام بنا دی جائیں گی۔