سانحہ اے پی ایس کی برسی پر صدر مملکت، وزیر اعظم اور آرمی چیف کے پیغامات

  • سوموار 16 / دسمبر / 2019
  • 6630

صدر پاکستان عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سانحہ آرمی پبلک اسکول  کے 5 برس مکمل ہونے پر کہا ہے کہ اس سانحے کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

صدر مملکت عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ 5 برس قبل اے پی ایس کے طالب علموں اور اساتذہ کے قتل عام کو قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ’اس دن کو یاد کرکے کوئی اپنے آنسو نہیں روک سکتا۔ اس دن کی یاد میں ہم اپنے اس عہد کا اعادہ کرتے ہیں کہ ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے سانحہ اے پی ایس کی پانچویں برسی پر جاری پیغام میں کہا کہ  معصوم بچوں کے خون نے قوم کو ہر قسم کی انتہاپسندی، دہشت گردی، تشدد اور نفرت کے خلاف متحد کردیا۔ آج سانحے کے شہدا اور اس میں بچ جانے والوں کو یاد کرنے اور ان کے لیے دعا کرنے کا دن ہے۔  وزیر اعظم نے کہا کہ اس روز نوجوان شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں‘۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ عسکریت پسندی کی سوچ کو ملک میں پروان چڑھنے اور قوم کو اس مکروہ سوچ کا یرغمال بننے کی اجازت نہیں دیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کے ٹوئٹ کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ ’ سانحہ اے پی ایس میں ملوث 5 دہشت گردوں کو فوجی عدالتوں کے ذریعے پھانسی دے دی گئی ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ شہدا اور ان کے لواحقین کو سلام پیش کرتے ہیں۔ بطور قوم ہم نے دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے طویل سفر کیا ہے۔ متحد ہو کر ہم پاکستان کے دیر پاامن اور ترقی کی جانب گامزن ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ  پاکستان کو دھمکانے والی بیرونی قوتوں کو خبردار ہونا چاہئے کہ جب تک ہمارے پاس ایسے والدین اور بچے ہیں، کوئی اس کا ملک کا بال بیکا نہیں کرسکتا۔  

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے سانحہ اے پی ایس کی برسی پر متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہ اس قومی سانحے پر قوم کے دل آج بھی زخمی ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ اپنے معصوم بچوں کے غم میں ذہنی توازن کھو بیٹھنے والی ماؤں کو ہم بھلا نہیں سکتے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر کہا ہے کہ دہشت گردی سے متاثرہ فرد کی حیثیت سے جسے آج تک انصاف نہیں ملا، میں ان تمام لوگوں کو درد سمجھتا ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھویا۔ میں ان سے کہتا ہوں کہ میں آپ کے ساتھ ہوں۔

یاد رہے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 6 دہشت گردوں نے 16 دسمبر 2014 کو اے پی ایس پر حملہ میں طلبہ سمیت 140 سے زائد افراد کو شہید کردیا تھا۔ سانحہ اے پی ایس کے بعد پاک فوج نے قبائلی علاقوں میں آپریشن ضربِ عضب کا آغاز کیا تھا اور حکومت نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے نیشنل ایکشن پلان منظور کیا تھا۔