پاک فوج نے بھارتی آرمی چیف کا بیان مسترد کردیا

  • جمعرات 19 / دسمبر / 2019
  • 4580

پاک فوج نے بھارتی آرمی چیف کے حالیہ بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف بیپن روات کا بیان دنیا کی توجہ شہریت ترمیمی ایکٹ (سی اے اے) پر ہونے والے مظاہروں سے ہٹانے کی کوشش ہے۔

خیال رہے کہ بھارتی آرمی چیف نے ایک بیان میں کہا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر حالات کسی بھی وقت کشیدہ ہوسکتے ہیں۔ بھارتی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ لیکن بھارتی فوج کسی بھی قسم کی کشیدگی نے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے ایک ٹوئٹ پیغام میں کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف بیپن روات کا بیان ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔

پاک فوج نے بھارتی آرمی چیف کے حالیہ بیان کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا کہ پاکستانی افواج کسی بھی قسم کی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ یاد رہے کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دو روز قبل آزاد کشمیر کے دو مختلف سیکٹرز میں بھارتی فورسز کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ سے ایک پاکستانی بچہ شہید اور دو افراد زخمی ہوگئے تھے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے گزشتہ دنوں پارلیمنٹ میں بھارتی شہریت کے حوالے سے متنازع بل منظور کیا تھا جس کے تحت 31 دسمبر 2014 سے قبل پڑوسی ممالک سے غیرقانونی طور پر بھارت آنے والے افراد کو شہریت دی جائے گی لیکن مسلمان اس کا حصہ نہیں ہوں گے۔

اس ترمیمی قانون کے بعد بھارت میں مظاہرے اور احتجاج ہورہا ہے۔ شمال مشرقی ریاستوں میں ہونے والے احتجاج کے دوران پولیس کی فائرنگ اور تشدد سے 6 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جبکہ انٹرنیٹ کی معطلی اور کرفیو بدستور نافذ ہے۔