کشمیر پر کسی قیمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا: آرمی چیف
- سوموار 23 / دسمبر / 2019
- 5080
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ہر جارحیت کا سامنا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ کشمیر پر کسی قیمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایل او سی اور کمبائنڈ ملٹری ہسپتال مظفر آباد کا دورہ کیا۔ سی ایم ایچ میں انہوں نے بھارتی اشتعال انگیزیوں سے زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔
کنٹرول لائن پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ کشمیر پر کسی قیمت پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مادر وطن کے دفاع کے لیے ہر جارحیت کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور اس کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
واضح رہے کہ آرمی چیف کا ایل او سی کا دورہ اور کشمیر کے حوالے سے یہ بیان بھارت کی طرف سے ایک بار پھر کنٹرول لائن اشتعال انگیزیوں میں اضافے کے بعد سامنے آیا ہے۔
بھارت گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کئی بار لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی پوسٹوں اور شہری آبادی کو نشانہ بنا چکا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی یہ خدشہ ظاہر کر چکے ہیں کہ بھارت ایک بار پھر کوئی جھوٹے فلیگ آپریشن کا ڈرامہ رچا سکتا ہے۔