بلاول بھٹو نے نیب کے سامنے پیش نہیں ہونے سے انکار کردیا
- سوموار 23 / دسمبر / 2019
- 4430
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے انہیں 24 دسمبر کو پیش ہونے کا نوٹس بھیجا ہے لیکن وہ پیش نہیں ہوں گے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نیب نے طلبی کا غیر قانونی نوٹس بھیجا ہے۔ 24 دسمبر کو کس بنیاد پر نیب نے طلب کیا ہے؟ سابق چیف جسٹس بھی کہہ چکے ہیں کہ بلاول بےگناہ ہے تو کیوں بلایا جارہا ہے۔ حکومت اپوزیشن کی آواز دبانے کی کوشش کر رہی ہے اور اس کا لیول یہ ہے کہ ایک بیٹے کو ماں کی برسی منانے نہیں دے رہی۔ میں 24 دسمبر کو نیب کے سامنے پیش نہیں ہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ پہلے بھی نیب کے سامنے پیش ہوتا رہا ہوں اور سوالات کے جواب دیے تھے۔ لیکن کیا خیبر پختونخوا کے کسی وزیر کو نیب کا نوٹس ملا؟ عمران خان کے خلاف نیب کے مقدمات زیر التوا ہیں۔ ملک میں آمرانہ طرز عمل سے حکومت چلائی جارہی ہے جبکہ ایک جرم بھی ثابت نہیں ہوتا اور کیسز بنائے جاتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی مثبت تنقید بھی برداشت نہیں کی جارہی۔ ہم سے سیاست کرنے کا حق چھینا جارہا ہے، حکومت اپوزیشن کے خلاف سازش کر رہی ہے اور اپوزیشن کے خلاف جھوٹے کیسز بنائے جارہے ہیں۔ حکومت عوام اور اپوزیشن کو ہراساں کرنا چاہتی ہے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی قانون کی حکمرانی تسلیم کرتی ہے۔ وہ پہلے کبھی دباؤ میں آئی نہ آئے گی۔ کسی کی دھمکیوں کے سامنے پہلے جھکے نہ اب جھکیں گے۔ 27 دسمبر کو بی بی شہید کی برسی لیاقت باغ راولپنڈی میں منائیں گے۔ ہمارے ساتھ 72 لوگ ہوں یا 72 ہزار ہم لیاقت باغ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نیب آمر کا بنایا ہوا کالا قانون ہے جسے ہم نہیں مانتے۔ ہم پر کیا دباؤ ہے اس کا سب کو علم ہے۔ کسی ایک معاملے سے متعلق دباؤ نہیں لیکن بےنظیر اور ذوالفقار علی بھٹو شہید کے فلسفے پر سمجھوتہ نہیں کروں گا۔ اگر ہمت رکھتے ہو تو مجھے گرفتار کر لو اور اگر گرفتار ہوا تو زیادہ خطرناک ہوجاؤں گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ گلگت بلتستان کا دورہ کیا تو اگلے دن نیب کا نوٹس آگیا۔ جب سے سیاست کر رہا ہوں جعلی نیب کی طرف سے نوٹس آنے لگے ہیں لیکن میں اپنے خلاف تمام الزامات کو مسترد کرتا ہوں۔ کٹھ پتلی حکومت کا راج قبول نہیں جس میں عوام پریشان ہیں۔ حکمرانوں میں عوامی مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہیں جبکہ وہ قانون سازی میں بھی سنجیدہ نہیں۔
جمعہ کے روز بلاول کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے نوٹس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کو نیب کا نوٹس موصول ہوگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب چیف جسٹس بھری عدالت میں کہہ چکے ہیں کہ بلاول بھٹو بے قصور ہیں تو نیب کا نوٹس بھیجنا انہیں ہراساں کرنے کے مترادف ہے۔
بلاول بھٹو کے ترجمان نے کہا کہ حکومت جب بھی بحران کا شکار ہوتی ہے تو مخالفین کو نیب کے ذریعے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔