نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال گرفتار

  • سوموار 23 / دسمبر / 2019
  • 3950

قومی احتساب بیورو نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کو نارووال کے اسپورٹس سٹی منصوبے میں مبینہ بدعنوانیوں سے متعلق کیس میں گرفتار کرلیا ہے۔

احسن اقبال کو نارووال اسپورٹس سٹی پروجیکٹ سے متعلق کیس میں بیان ریکارڈ کروانے کے لیے نیب نے طلب کیا گیا تھا۔ جہاں آج پیش ہونے کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا۔  نیب کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ نیب راولپنڈی نے رکن قومی اسمبلی احسن اقبال کو گرفتار کیا ہے۔

احسن اقبال پر نارووال اسپورٹ سٹی منصوبے کے لیے وفاقی حکومت اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے فنڈز استعمال کرنے کا الزام ہے۔ احسن اقبال 5 مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے سابق دور میں وہ وزیر منصوبہ بندی اور بعد ازاں وزیر داخلہ رہے تھے۔

نیب اعلامیے میں کہا گیا کہ احسن اقبال کے طبی معائنے کے لیے نیب نے ڈاکٹرز کی ٹیم کو طلب کرلیا ہے جبکہ ملزم کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے انہیں کل  کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

گرفتاری سے کچھ دیر قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا تھا کہ حکومت نیب کے ذریعے مخالفین کی کردار کشی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس پر کیوں شفاف ٹرائل نہیں ہوتا لیکن جھوٹ بول کر مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

احسن اقبال نے نارووال منصوبے پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ کابینہ، پارلیمنٹ اور اکنامک کونسل سے منظوری لی گئی تھی۔ منصوبے کی مالیت میں اضافہ تعمیر میں تاخیر کی وجہ سے ہوا۔ یہ 2 ماہ میں دوسری مرتبہ تھا کہ مسلم لیگ(ن) کے رہنما کو ان کی آمدنی اور اخراجات کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

اس سلسلے میں وہ پہلے بھی نیب میں پیش ہوچکےہیں جبکہ انہوں نے اسی کیس میں نیب کی جانب سے دیے گئے سوالنامے کا جواب بھی دیا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا تھا کہ انہوں نے نیب راولپنڈی کو اپنی آمدنی اور اخراجات سے متعلق دستاویزات جمع کروادی تھی۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے اس کیس کے ساتھ کچھ نہیں کیا۔ یہ منصوبہ 2009 میں پاکستان پیپلزپارٹی کے دور میں شروع کیا گیا اور وہ اس وقت وفاقی وزیر نہیں تھے۔

احسن اقبال نے کہا تھا کہ جب تحریک انصاف کی حکومت اقتدار میں آئی تھی نارووال اسپورٹ سٹی کا منصوبہ 90 فیصد مکمل ہوگیا تھا لیکن موجودہ حکومت نے اسے کھنڈر میں تبدیل کردیا ہے۔