رانا ثنا اللہ کے خلاف کیس ختم نہیں ہوا: شہریار آفریدی
- بدھ 25 / دسمبر / 2019
- 4630
وزیر مملکت شہریار آفریدی نے منشیات اسمگلنگ کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کی ضمانت کے بعد کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کی ضمانت کے بعد تاثر دیا گیا ہے کہ میں نے راہ فرار اختیار کرلی ہے اور منشیات کیس ختم ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ عدالت نے رانا ثنا اللہ کو ضمانت پر رہا کیا، منشیات کیس ختم نہیں ہوا۔ اس لیے مسلم لیگ (ن) کے رہنما ابھی تک ملزم ہیں۔ شہریار آفریدی نے بتایا کہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کے 17 دن کے اندر فوٹیجز سمیت تمام ثبوت عدالت کو فراہم کردیے تھے۔ لاہور ہائی کورٹ نے منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کی درخواست ضمانت منظور کرلی تھی اوران کی رہائی کا حکم دے دیا تھا۔
شہریار آفریدی نےپریس کانفرنس جذباتی انداز میں کہا کہ خدا کے لیے یہ کام میرا یا آپ کا نہیں ہے، یہ عدالت کا کام ہے۔ میڈیا کو تصویر کے دونوں رخ دکھانے چاہیے۔ میڈیا کی بہت بڑی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ کیس کو میڈیا ٹرائل نہ بنائیں، کیا قوم اور میڈیا سانحہ ماڈل ٹاؤن بھول چکے ہیں۔
شہریار آفریدی نے کہا کہ انسداد منشیات کا ادارہ بھرپور صلاحیت کا حامل ہے اور رانا ثنا اللہ کے خلاف کیس کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ میری یا اے این ایف کی کسی سے کوئی ذاتی رنجش نہیں، قانون کی حکمرانی پر کسی صورت سودے بازی نہیں ہوگی۔
شہریار آفریدی نے بتایا کہ قانون کی بالا دستی پر یقین رکھتے ہیں، اس پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کو انسداد منشیات فورس نے یکم جولائی 2019 کو گرفتار کیا تھا۔