بانی پاکستان کا 144واں یوم پیدائش عقیدت و احترام سے منایا گیا
- بدھ 25 / دسمبر / 2019
- 5750
پاکستان میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا 144 واں یومِ پیدائش عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ بانی پاکستان کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ملک بھر میں سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے گئے اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاق و چوبند دستے نے پاک فضائیہ کی جگہ گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے موقع پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کمانڈنٹ میجر جنرل محمد علی مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے گارڈز کی تبدیلی کے بعد مہمانوں کی کتابوں میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔
قائداعظم کے یوم پیدائش کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور صوبے کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی لکھے۔
آج کے اس دن کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پیغامات بھی جاری کیے۔ صدر اور وزیراعظم نے اپنے پیغامات میں کہا کہ بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال نے ایک مرتبہ پھر عظیم قائد کے اس عزم کی توثیق کی ہے کہ انتہا پسند ہندو، مسلم اقلیت کو عزت اور وقار کے ساتھ جینے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے قائد اعظم محمد علی جناح کو دور اندیش انسان قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کی ایک الگ شناخت، اہمیت اور سیاسی سمت کا تصور پیش کیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائد اعظم کی یوم پیدائش پر قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 'آج پوری دنیا بھارتی آئین کے نام نہاد سیکولر ہونے کے دعوے کو دیکھ رہی ہے جہاں اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک اور (انہیں) ظالمانہ کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔