حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 8 لاکھ 20 ہزار افراد کا نام نکال دیا

  • بدھ 25 / دسمبر / 2019
  • 5700

وفاقی حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام  سے مستفید ہونے والے 8 لاکھ 20 ہزار 165 افراد کو غیرمستحق قرار دیتے ہوئے ڈیٹابیس سے ان کا نام نکالنے کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ فیصلہ کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی بہبود اور غربت کا خاتمہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کابینہ کو بتایا کہ غیرمستحق افراد کو نکالنے کے لیے بی آئی ایس پی کے ڈیٹابیس پر نظرثانی کی گئی تھی۔

اس پروگرام میں تبدیلی کا فیصلہ کابینہ کے ارکان کی طرف سے اس اعتراض کے بعد کیا گیا تھا کہ پروگرام سے اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ اور پاکستان تحریک انصاف کے لوگ نظرانداز ہورہے ہیں۔

2016 کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2008 میں شروع کیے گئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ملک کا سب سے بڑا سماجی تحفظ پروگرام ہے جس سے تقریباً 54 لاکھ لوگ فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

دوران گفتگو فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ ضروری پہلوؤں کا جائزہ لے کر فیصلہ کیا گیا کہ کہ 8 لاکھ 20 ہزار 165 افراد بی آئی ایس پی کے دائرہ کار میں نہیں آتے۔