ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 2جوان شہید

  • جمعرات 26 / دسمبر / 2019
  • 5400

لائن آف کنٹرول  پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔ پاکستان کی بھرپور جوابی کارروائی میں 3 بھارتی فوجی  ہلاک ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ  گزشتہ 36 گھنٹے سے ایل او سی پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ حاجی پیر سیکٹر میں پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں ایک صوبیدار سمیت 3 بھارتی فوجیوں کو ہلاک کردیا جبکہ اس دوران کچھ بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دیوا سیکٹر میں بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے نائب صوبیدار کانڈیرو اور سپاہی احسان شہید ہوگئے۔

اس سے قبل 23 دسمبر کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایل او سی اور کمبائنڈ ملٹری ہسپتال مظفر آباد کا دورہ کیا تھا۔ سی ایم ایچ میں انہوں نے بھارتی اشتعال انگیزیوں سے زخمی ہونے والوں کی عیادت کی تھی۔

کنٹرول لائن پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ واضح رہے کہ آرمی چیف کا ایل او سی کا دورہ اور کشمیر کے حوالے سے یہ بیان بھارت کی طرف سے ایک بار پھر کنٹرول لائن پر اشتعال انگیزیوں میں اضافے کے بعد سامنے آیا تھا۔

چند روز قبل بھارتی آرمی چیف نے ایک بیان میں کہا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر حالات کسی بھی وقت کشیدہ ہوسکتے ہیں۔ اس کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ کہ پاکستانی افواج کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔