مقبوضہ کشمیر پر او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کا امکان
- جمعہ 27 / دسمبر / 2019
- 4920
سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ سعودی عرب مسئلہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس منعقد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے دفتر خارجہ میں پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں یہ پیغام دیا۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے کشمیر کاز کو آگے بڑھانے کے لیے او آئی سی کے کردار پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فیصل بن فرحان السعود کو بھارت کے 5 اگست کے اقدام کے بعد مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور وہاں پیدا ہونے والے انسانی بحران پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بھارتی حکومت کی جانب سے حال ہی میں نافذ کیے گئے شہریت ترمیمی ایکٹ اور شہریوں کی قومی رجسٹریشن اور بھارت میں اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں کو نشانہ بنائے جانے پربھی گفتگو کی۔
سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو برادرانہ اور تزویراتی قرار دیا اور خطے کے امن اور استحکام کو برقرار رکھنے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔
سعودی وزیر نے پاکستان کے بنیادی مفاد کے معاملات پر سعودی عرب کے تعاون کی یقین دہانی کروائی اور پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات قائم کر نے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاض دونوں ممالک کے درمیان بنیادی تعلق کے عزم پر قائم ہے اور دونوں ممالک کے درمیان کثیر الجہتی تعاون کو مزید گہرا کریں گے۔
گزشتہ روز سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود جمعرات کو مختصر دورہ پاکستان آئے تھے۔ رواں برس اکتوبر میں منصب سنبھالنے کے بعد سعودی وزیرخارجہ کا یہ پہلا دورہ پاکستان تھا، جس میں دو طرفہ دلچسپی کے امور اور علاقائی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔