قازقستان میں مسافر طیارہ گر کر تباہ، 15 افراد ہلاک
- جمعہ 27 / دسمبر / 2019
- 4150
وسطی ایشیا کے ملک قازقستان کے شہر الماتی کے قریب مسافر طیارہ اڑان کے کچھ دیر بعد گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ طیارے میں 95 افراد سوار تھے جب کہ حکام نے 15 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
قازقستان کی سول ایوی ایشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ بیک ایئر کا مسافر طیارہ جمعے کی صبح الماتی شہر سے دارالحکومت نور سلطان جا رہا تھا کہ اڑان بھرتے ہی توازن برقرار نہ رکھ سکا اور قریب واقع عمارت سے ٹکرا گیا۔ طیارے میں 93 مسافر اور عملے کے پانچ اہلکار سوار تھے۔ حکام نے اب تک 15 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔ حادثے میں زخمی ہونے والے 63 مسافروں کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے کئی کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
ایوی ایشن کمیٹی اور الماتی ایئرپورٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر امدادی کارروائی جاری ہے اور حادثے میں بچ جانے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ حکام کی جانب سے حادثے کی ممکنہ وجوہات سے متعلق اب تک کچھ نہیں بتایا گیا۔ البتہ مسافروں کی آمد و رفت کے لیے استعمال ہونے والے تمام فوکر 100 طیاروں کی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
قازقستان کی بیک ایئر سفری پروازوں کے لیے فوکر 100 جیٹس کا استعمال کرتی ہے۔ پروازوں کی آمد و رفت پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ فلائٹ راڈار 24 کے مطابق حادثے کے شکار ہونے والے بیک ایئر کے مسافر طیارے نے ایک بج کر 21 منٹ (یو ٹی سی) پر پرواز بھری جس کے 19 سیکنڈ کے بعد آخری سگنل موصول ہوا۔