افغان طالبان کا چوکی پر حملہ، 10 فوجی ہلاک
- اتوار 29 / دسمبر / 2019
- 3960
طالبان نے جنوبی افغانستان کے ایک فوجی اڈے پر حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 10 فوجی ہلاک جب کہ چار زخمی ہوئے ہیں۔
افغان فوج کی جانب سے ہفتے کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ باغیوں نے علی الصبح بموں اور اسلحے کی مدد سے صوبہ ہلمند میں حملہ کیا، جہاں کے زیادہ تر اضلاع طالبان کے زیر کنٹرول ہیں۔ صوبائی حکومت کے ترجمان عمر زواک نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ضلع سنگین میں واقع ایک تنصیب پر حملہ سے قبل حملہ آوروں نے بم دھماکہ کیا۔ اس کے بعد جھڑپیں کئی گھنٹے تک جاری رہیں۔ ان میں دونوں جانب ہلاکتیں واقع ہوئیں
ایک مقامی افغان شہری نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر وائس آف امریکہ کو بتایا کہ طالبان حملے میں 17 فوجی ہلاک جب کہ چھ زخمی ہوئے۔ مقامی ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ فوجی اڈے تک پہنچنے کے لیے طالبان نے ایک سرنگ کھودی تھی۔ طالبان کے ترجمان نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ان کے عسکریت پسندوں نے فوجی چوکی پر چڑھائی کی جس میں 26 افغان فوجی مارے گئے۔
اس ہفتے طالبان مختلف صوبوں میں افغان افواج کے خلاف کئی بار حملے کر چکے ہیں، جن میں درجنوں ہلاکتیں واقع ہوئی ہیں۔ وہ مزید علاقے پر قابض ہونے میں بھی کامیاب ہوگئے ہیں۔ پیر کو شمالی صوبہ قندوز میں ایسا ہی ایک حملہ ہوا جس میں ایک امریکی فوجی بھی ہلاک ہوا۔
یہ حملے اس کے باوجود ہورہے ہیں کہ امریکہ نے طالبان سے مطالبہ کیا ہے کہ امن عمل کو فروغ دینے کے لیے وہ تشدد کی کارروائیاں بند کریں۔ تاکہ بین الافغان مذاکرات کا آغاز کیا جائے اور 18 سال سے جاری لڑائی کا خاتمہ ممکن ہو۔
طالبان اس بات پر بضد ہیں کہ ملک بھر میں جنگ بندی امریکہ کے ساتھ معاہدہ کے بعد ہی ممکن ہوگی۔