بلاول کی طرف سے ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شامل کرنے کی مشروط پیشکش
- سوموار 30 / دسمبر / 2019
- 4330
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے متحدہ قومی موومنٹ کو وفاق سے اتحاد ختم کرکے حکومت گرانے پر سندھ میں وزارتیں دینے کی پیشکش کی ہے۔
کراچی کے علاقے لانڈھی اور کورنگی میں 4 ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کو لانڈھی اور کورنگی کے شہیدوں کے نام کرنا چاہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت مشکل معاشی حالات کے باوجود محنت کرکے پورے صوبے کے لئے کام کررہی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ کراچی میں ترقی ہو کیونکہ یہاں پورے پاکستان کے ہر صوبے سے رکھنے والے لوگ آکر بستے ہیں تاہم ہمیں ہماری ضرورت کے مطابق وسائل نہیں دیے جاتے جس کے لیے ہمیں اپنا وفاق سے حصہ چھیننا پڑے گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو کے متعارف کردہ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے طریقہ کار پر چلنے کی کراچی میں بہت صلاحیت ہے۔ ہمیں مل کر سوچنا ہوگا کہ کیسے مل کر کراچی شہر کے لیے کام کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 8 لاکھ لوگوں کو نکالنے کا فیصلہ ظلم و زیادتی ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی اس کی مزاحمت کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سکھر میں سردی کا 25 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے اور اس موسم میں کچی آبادی میں رہنے والے لوگوں کو زبردستی بے گھر کیا گیا۔ میں تمام عدالتی فورمز کو اس موسم اور اس وقت میں انکروچمنٹ کے کام کو روکنے کی اپیل کرتا ہوں اور میئر کراچی سے اپیل کرتا ہوں کہ سردی کی شدت میں اس کام کو روکا جائے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وفاق کی گیس کی پالیسی کی مزاحمت کرتے ہیں۔ ہمارے صوبے کا حق سلب ہورہا ہے۔ آپ ان سے گیس چھین رہے ہیں جہاں سے گیس پیدا ہورہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو فوری طور پر اس پالیسی کو واپس لینا ہوگا اور جو وزیر اس معاملے پر بیانات دے رہے ہیں ان سے فوری استعفیٰ لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پرانے ساتھیوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ جو ظلم کراچی کے خلاف ہورہا ہے وہ روکا جاسکتا ہے۔ وفاقی حکومت سے اتحاد کو ختم کریں، عمران کی حکومت کو گرادیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ 'میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ جتنی وزارتیں وفاق میں ایم کیو ایم کے پاس ہیں ہم انہیں سندھ میں دینے کے لیے تیار ہیں۔ بس شرط یہ ہے کہ عمران کو گھر بھیج دیں، اس صوبے کو اس کا حصہ دلوائیں۔ ہم ساتھ مل کر اس صوبے کو ترقی دے سکتے ہیں'۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے آج نہیں تو کل ان کو یہ فیصلہ لینا پڑے گا۔ پاکستان کو بچانا پڑے گا اور نیا پاکستان ختم کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کو معلوم ہے کہ عمران خان نے انہیں دھوکا دیا ہے۔ ان کا ہر وعدہ جھوٹ نکلا ہے۔ 2020 میں انتخابات ہوں گے توعوام عمران خان کو مسترد کردیں گے۔