پاکستان اور بھارت میں جوہری تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ

  • بدھ 01 / جنوری / 2020
  • 4870

پاکستان اور بھارت کے مدرمیان جوہری تنصیبات اور سہولیات کی فہرست کا سالانہ تبادلہ ہؤا ہے۔ جوہری تنصیبات اور سہولیات پر حملے روکنے کے معاہدے کی دفعہ 2 کے تحت دونوں ممالک نے جوہری تنصیبات کی فہرست کا تبادلہ کیا۔

یہ معاہدہ 31 دسمبر 1988 کو طے پایا تھا۔ جس پر عمل کرتے ہوئے پاکستان میں جوہری تنصیبات اور سہولیات کی فہرست آج صبح 10 بجے دفتر خارجہ میں باضابطہ طور پر بھارتی ہائی کمیشن کے نمائندوں حوالے کی گئی۔

دوسری جانب بھارتی وزارت خارجہ نے نئی دہلی میں مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے اپنے جوہری تنصیبات اور سہولیات کی فہرست پاکستانی ہائی کمیشن کے نمائندوں کو فراہم کی۔

معاہدے کے مطابق دونوں ممالک ہر سال یکم جنوری کو ایک دوسرے کو اپنی جوہری تنصیبات اور سہولیات سے آگاہ کرتے ہیں اور یہ سلسلہ سال 1992 سے جاری ہے۔

اس کے علاوہ حکومت پاکستان ملک کی مختلف جیلوں میں قید نے 2 سو 82 قیدیوں کی فہرست بھی بھارتی ہائی کمیشن کو فراہم کی، ان قیدیوں میں 55 شہری اور 227  ماہی گیر شامل ہیں۔ تبادلے کا یہ اقدام 21 مئی 2008 کو دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے قونصلر رسائی معاہدے کے تحت طے پایا۔

معاہدے کے تحت دونوں ممالک اپنی اپنی جیلوں میں قید ایک دوسرے کے شہریوں کی فہرستوں کا سال میں 2 مرتبہ تبادلہ کرنے کے پابند ہیں۔ قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو کیا جاتا ہے۔ دوسری جانب بھارتی حکومت بھی پاکستانی قیدیوں کی فہرست نئی دہلی میں موجود پاکستانی ہائی کمیشن کو فراہم کرے گی۔

سال 2019 کے آغاز میں پاکستان میں 5 سو 37 بھارتی شہری قید تھے جبکہ سال 2018 کے آغاز میں فہرستوں کے تبادلے کے مطابق پاکستان میں 4 سو 57 بھارتی قید تھے۔ ان قیدیوں میں غلطی سے سمندری سرحد پار کرنے والے ماہی گیروں کو عموماً پاکستانی حکومت جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کردیتی ہے۔