صدر ٹرمپ نے پاکستان کا ملٹری ٹریننگ پروگرام بحال کردیا

  • ہفتہ 04 / جنوری / 2020
  • 5210

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے لیے انٹرنیشنل ملٹری ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ پروگرام (آئی ایم ای ٹی) بحال کرنے کے فیصلے کی توثیق کر دی ہے۔

امریکا کی معاون نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے ایک ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ مشترکہ ترجیحات پر عسکری سطح پر تعاون کو فروغ دینے اور امریکا کی قومی سلامتی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے لیے آئی ایم ای ٹی بحال کرنے کی توثیق کردی ہے۔ تاہم مجموعی طور پر پاکستان کی فوجی امداد معطل رہے گی۔

پاکستان کی پروگرام میں شرکت کی منظوری ایک سال سے زائد عرصے تک معطلی کے بعد دی گئی ہے۔ انٹرنیشنل ملٹری ایجوکیشن اور ٹریننگ پروگرام ایک دہائی سے زائد عرصے سے پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات میں ستون کی حیثیت رکھتا ہے۔

پروگرام میں پاکستان کی شرکت بحال کرنے کا فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے درمیان رواں سال ہونے والی ملاقاتوں کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں گرمجوشی کو ظاہر کرتا ہے۔

واشنگٹن، افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے لیے طالبان کے ساتھ مذاکرات میں مدد اور سہولت فراہم کرنے پر بھی پاکستان کا معترف ہے۔ انٹرنیشنل ملٹری ایجوکیشن اور ٹریننگ پروگرام امریکی محکمہ خارجہ کے زیر انتظام منعقد کیا جاتا ہے۔ یہ امریکا کی جانب سے پاکستان کی تقریباً 2 ارب ڈالر کی فوجی امداد پروگرام کا ایک حصہ ہے۔ یہ امداد جنوری 2018 میں معطل کردی گئی تھی۔

گزشتہ سال کے اوائل میں کالعدم جیش محمد گروپ کی طرف سے پلوامہ میں حملے میں بھارتی پیرا ملٹری کے 40 اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد امریکی حکام نے پاکستان سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اپنی سرزمین سے حملے کرنے والے دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس کارروائی کرے۔

خیال رہے کہ 'آئی ایم ای ٹی' پروگرام کے تحت غیر ملکی فوجی افسران یو ایس آرمی وار کالج اور یو ایس نیول وار کالج جیسے امریکی فوجی تعلیمی اداروں میں تربیت حاصل کرتے ہیں۔