سابق چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم انتقال کر گئے

  • منگل 07 / جنوری / 2020
  • 4330

معروف قانون دان اور سابق چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم طویل علالت کے بعد کراچی میں 91برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

فخرالدین جی ابراہیم کافی عرصے سے شدید علیل تھے اور منگل کو خالق حقیقی سے جا ملے۔ فخر الدین جی ابراہیم معروف قانون دان، آئینی ماہر، سپریم کورٹ کے سینئر ایڈووکیٹ، سابق وزیر قانون، سابق اٹارنی جنرل آف پاکستان، سپریم کورٹ کے سابق جج اور گورنر سندھ کے اہم عہدوں پر فائز رہ چکے تھے۔

انہوں نے 1949 میں گجرات ودیا پتھ سے قانون میں انڈرگریجویٹ کی ڈگری حاصل کی۔ 1950 میں انہوں نے پاکستان ہجرت کی اور سندھ مسلم کالج سے ایل ایل ایم کی ڈگری لینے کے بعد 1960 میں جیورس ڈاکٹر کی اعزازی ڈگری بھی حاصل کی۔ انہوں نے  فخر الدین جی ابراہیم اینڈ کمپنی کے نام سے اپنی قانونی فرم کھولی۔ وہ ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں اٹارنی جنرل آف پاکستان رہے۔ بعدازاں گورنر سندھ کے عہدے پر فائز ہوئے۔

ان چند ججز میں ہوتا ہے جنہوں نے جنرل ضیا الحق کے پی سی او کے تحت حلف لینے سے انکار کردیا تھا  1989 میں سٹیزن پولیس لیژن کمیٹی کا قیام فخر الدین جی ابراہیم کے کارناموں میں سے ایک ہے۔ 1996 میں صدر فاروق لغاری کی عبوری کابینہ میں انہوں نے وزیر قانون کی ذمے داریاں انجام دیں۔

2013 کے عام انتخابات میں فخر الدین جی ابراہیم چیف الیکشن کمشنر تھے اور سایسی جماعتوں کی جانب سے اس الیکشن پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا جس پر انہوں نے الیکشن کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

اہم عہدوں پر فائز رہنے والے فخر الدین جی ابراہیم ایک عرصے سے علیل تھے اور بالآخر 7جنوری کو خالق حقیقی سے جا ملے۔