جنرل قاسم سلیمانی کی تدفین کےدوران بھگدڑ میں 35 افراد جان بحق
- منگل 07 / جنوری / 2020
- 4290
امریکی حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے جنرل قاسم سلیمانی کی ایرانی علاقے کرمان میں تدفین کے دوران بھگدڑ کے نتیجے میں 35 افراد جاں بحق اور 48 کے زخمی ہوگئے۔
ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے نے بتایا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کے آبائی علاقے کرمان میں جلوس کے دوران بھگدڑ کی وجہ سے لوگ کچلے گئے۔
واقعہ پیش آنے سے قبل قاسم سلیمانی کے آبائی علاقے کرمان کی تدفین میں شریک لاکھوں افراد سے خطاب میں ایران کے پاسداران انقلاب کے سربراہ حسین سلامی نے کہا تھا کہ ہم ایک سخت انتقام لیں گے۔ قاسم سلیمانی کی تدفین میں شریک افراد نے امریکا مردہ باد کے نعرے لگائے اور ایرانی پرچم بھی لہرائے۔
قبل ازیں ایرانی فوجی کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کا جسدِ خاکی تدفین کے لیے ان کے آبائی شہر کرمان پہنچایا گیا تھا۔ گزشتہ روز ایران کے دارالحکومت تہران میں جنرل قاسم سلیمانی کی نمازِ جنازہ میں 10 لاکھ سے زائد افراد شریک ہوئے تھے۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ان کے نائب اسمٰعیل قاآنی کو پاسداران انقلاب کی قدس فورس کا سربراہ مقرر کردیا تھا۔ قاسم سلیمانی کے ہلاکت کے بعد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے امریکا کو سنگین نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے قاسم سلیمانی کو مزاحمت کا عالمی چہرہ قرار دیا تھا اور ملک میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا تھا۔