کوئٹہ: مسجد میں دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 14 افراد جاں بحق

  • جمعہ 10 / جنوری / 2020
  • 5130

کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد اور مدرسہ میں دھماکے سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس اور امام مسجد امام سمیت 14 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا سیٹلائٹ ٹاؤن کے نواحی علاقے غوث آباد کی ایک مسجد میں ہوا جس کی نوعیت معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے دھماکے میں ڈی ایس پی امان اللہ کے شہید ہونے کی تصدیق کی۔ سول ہسپتال کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں 14 لاشوں اور 20 زخمیوں کو لایا گیا۔

دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچی جبکہ ریسکیو عملے نے زخمیوں کو سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ ابتدائی طور پر دھماکے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول کرنے کا دعویٰ نہیں کیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کی سیٹلائٹ ٹاؤن کی مسجد میں دھماکے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہتر طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ نمازیوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے عناصر کا کوئی مذہب، قوم اور قبیلہ نہیں وہ صرف دہشت گرد ہیں اور سخت ترین سزا کے حقدار ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ملک دشمن قوتیں ایک مرتبہ پھر بلوچستان میں دہشت گردی کے ذریعے عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ تاہم سیکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیوں سے قائم ہونے والے امن کو کسی صورت خراب نہیں ہونے دیا جائے گا اور دہشت گردی میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

واضح رہے کہ 3 روز قبل کوئٹہ کے میکانگی روڈ پر بھی دھماکا ہوا تھا جس میں دو افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔  پولیس کے مطابق دھماکا کوئٹہ کے لیاقت بازار کے قریب میکانگی روڈ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب ہوا تھا۔