میجر جنرل آصف غفور کی جگہ میجر جنرل بابر افتخار نئے ڈی جی آئی ایس پی آر ہوں گے
- جمعرات 16 / جنوری / 2020
- 5390
پاک فوج میں میجر جنرل بابر افتخار کو شعبہ تعلقات عامہ کا کا نیا ڈائریکٹر جنرل مقررکیا گیا ہے۔ میجر جنرل آصف غفور کو جی او سی 40 ڈویژن (اوکاڑہ) تعینات کردیا گیا ہے۔
میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹر اپنے پیغام میں کہا کہ الحمداللہ، ان سب کا شکریہ جن کے ساتھ میں اپنے دور میں منسلک رہا۔ میں تمام میڈیا کا شکر گزار ہوں، پاکستانی عوام کی محبت اور سپورٹ پر ان کا بھی تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ انہوں نے نئے ڈی جی آیس پی آر کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
ایک اور پیغام میں انہوں نے کہا کہ آپ کی محبت اور حمایت کا شکریہ، مضبوط رہتے ہوئے پاکستان کے لیے اپنا کام جاری رکھیں۔ آئی ایس پی آر کے نئے سربراہ میجر جنرل بابر افتخار نے 1990 میں کمیشن حاصل کیا تھا۔ انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور رائل کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج اردن سے گریجویٹ کیا۔
انہیں کمانڈ اور تربیت کا وسیع تجربہ حاصل ہے۔ وہ بریگیڈ میجر کے طور پر آرمرڈ بریگیڈ، وزیرستان میں انفنٹری ڈویژن کے بریگیڈیئر اسٹاف اور چیف آف اسٹاف کور ہیڈکواٹرز میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ شمالی وزیرستان میں آرمرڈ بریگیڈ اور انفنٹری بریگیڈ کے کمانڈر کے طور پر بھی تعینات رہے۔
انہوں نے پاکستان ملٹری اکیڈمی اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں فیکلٹی ممبر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر تعیناتی سے قبل وہ آرمرڈ ڈویژن کی کمانڈ کررہے تھے۔
بابر افتخار کے 4 بیٹے ہیں جبکہ انہیں مطالعے کا شوق اور گالف ان کا مشغلہ ہے۔