ٹرمپ بہروپیا اور دھوکے باز ہے: آیت اللہ خامنہ ای
- جمعہ 17 / جنوری / 2020
- 5110
تہران میں 2012 کے بعد پہلی مرتبہ جمعہ کی نماز کی امامت کرتے ہوئے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک بہروپیا ہے جو صرف ایرانی عوام کی حمایت کا دکھاوا کرتا ہے۔
تہران کی مصلیٰ مسجد میں دیے گئے خطبے میں آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ قوم کی پیٹھ پر زہریلا خنجر گھونپے گا۔ امریکی فضائی حملے میں ایرانی جنرل کی ہلاکت کے بعد اس کے جنازے پر لوگوں میں غم و غصہ ایرانی عوام کا اپنے وطن سے محبت کا اظہار تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے داعش کے خلاف لڑنے والے سب سے موثر کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی پر بغداد میں بزدلانہ حملہ کیا۔ رد عمل میں ایران نے عراق میں امریکی فوج پر بیلسٹک میزائل سے حملے کیے تھے تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
آیت اللہ خامنہ ای نے یوکرینی طیارے گرائے جانے کے واقعے کو تلخ حادثہ قرار دیا اور کہا کہ اس کی وجہ سے ایران کو اتنا ہی افسوس ہوا ہے جتنا اس کے دشمنوں کو خوشی ہوئی ہے۔ ایران کے دشمن اس حادثے کو استعمال کرتے ہوئے ایران، پاسداران انقلان اور مسلح افواج پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک کبھی ایران کو گھٹنوں پر نہیں لاسکتے۔ ایران مذاکرات کے لیے تیار ہے مگر امریکا سے نہیں۔ ایرانی سپریم لیڈر کا عراق پر میزائل حملے سے متعلق مزید کہنا تھا کہ یہ نہ صرف ایک کامیاب عسکری حملہ تھا بلکہ یہ حملہ امریکا کے طاقت ور ہونے کے زعم اور گھمنڈ کو ٹھیس پہنچانے میں کامیاب رہا۔