چین میں موجود 4 پاکستانی طلبہ میں کورونا وائرس کی تصدیق

  • بدھ 29 / جنوری / 2020
  • 4250

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے چین کے شہر ووہان میں موجود 4 پاکستانی طالبہ کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کردی۔

اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ چین میں 28 سے 30 ہزار پاکستانی مقیم ہیں جن میں بڑی تعداد طالبہ کی ہے جو مختلف صوبوں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے طالبہ کے اہلِ خانہ اور تمام پاکستانی شہریوں کو یقین دہانی کروائی کہ ان کے تحفظ اور ان کے علاج معالجے کی ذمہ داری حکومت پاکستان کی ہے، جن کا اپنے بچوں کی طرح خیال رکھا جائے گا۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ یہ مسئلہ وفاقی کابینہ میں زیر بحث آیا تھا اور پاکستانی حکومت، چین میں موجود پاکستانی سفارتخانے کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفارتخانے کا عملہ اور پاکستانی سفیر پاکستانی کمیونٹی کے حوالے سے ضروری اقدامات کرنے میں مصروف ہیں اور متاثرہ کی بہترین دیکھ بھال کی جارہی ہے۔

کورونا وائرس سے متاثرہ طالبہ کی صحت کے حوالے سے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ان کی صحت بہتر ہورہی ہے اور ہماری دعا ہے کہ وہ مکمل طور پر صحت مند ہوجائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبہ کی شناخت دانستاً بتائی نہیں جارہی اور میڈیا سے بھی درخواست کی کہ اس کی چھان بین نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر میڈیا کو معلوم ہو بھی جائے تو ذمہ دارانہ صحافت کا مظاہرہ کرتے ہوئے متاثرہ طالبہ کی نشاندہی سے گریز کیا جائے۔