چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 170 ہوگئی
- جمعرات 30 / جنوری / 2020
- 4050
چین میں پھیلنے والے کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 170 ہوگئی ہے۔ عالمی صحت حکام نے کورونا وائرس کے چین سے باہر منتقل ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ خطے سے نکالنے والے غیر ملکیوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 38 ہوگئی جبکہ ایک ہزار 737 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 7 ہزار 711 ہوگئی ہے۔ نئی ہلاکتوں میں سے 37 وائرس کے پھیلنے کے مقام، صوبہ ہوبے میں ہوئیں جبکہ جنوب مغربی صوبے سیچوان میں بھی ایک شخص ہلاک ہوا۔
ہوبے کے ایک کروڑ 10 لاکھ کی آبادی والے شہر ووہان سے 195 امریکیوں کو واپس بلالیا گیا، جہاں اس وائرس کا آغاز ہوا تھا۔ تمام امریکیوں کو کیلیفورنیا کے جنوبی حصے میں قائم فوجی اڈے میں 3 روز تک نگرانی کے لیے رکھا گیا ہے تاکہ دیکھا جاسکے کہ وہ وائرس سے متاثر تو نہیں ہوئے۔
جاپانی وزارت خارجہ کے مطابق ووہان سے 210 جاپانیوں کا گروہ آج ٹوکیو کے ہانیڈا ایئرپورٹ پر حکومت کے چارٹرڈ طیارے میں اترا۔ ان میں سے 9 میں زکام اور بخار کی علامات سامنے آئیں۔ جاپانی وزیر اعظم شنزو آبے نے پارلیمانی اجلاس کے دوران بتایا کہ 206 جاپانیوں میں سے 3 میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ دو میں اس وائرس کے علامات نہیں تھیں۔
فرانس، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، سنگاپور اور دیگر ممالک بھی اپنے شہریوں کو نکالنے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔ چینی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں غذا اور روز مرہ کی ضروریات کی قلت کو پورا کرنے کے لیے حکام اقدامات تیز کر رہے ہیں تاکہ سامان کی مسلسل فراہمی سے قیمتیں مستحکم رکھی جاسکیں۔
حکومت نے کوئی اعلان نہیں کیا کہ یہ وبا کب تک روکی جاسکے گی۔ تاہم چند ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ وائرس 2 ہفتوں میں عروج پر پہنچ جائے گا۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) وائرس کے پھیلاؤ پر تشویش ظاہر کی ہے۔ وائرس نے چین میں 2003-2002 میں ایس اے آر ایس وبا کے پھیلنے سے زیادہ لوگوں کو متاثر کیا ہے۔
ڈاکٹر مائیکل ریان نے دورہ چین کے دوران چینی صدر شی جن پنگ اور دیگر سینئر سرکاری عہدیداران سے ملاقات کے بعد واپسی پر نیوز کانفرنس کی۔ ان کا کہنا تھا کہ چین نے وبا کے پھیلنے پر درپیش غیر معمولی چیلنج کے پیش نظر غیر معمولی اقدامات کیے ہیں۔
پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق حکومت نے پاکستانیوں کی سہولت کے لیے چین کے ساتھ مل کر ایک ہائی پاور ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی طلبا کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ چین میں موجود جو پاکستانی طلبا سفارتخانے کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں انہیں فوری طور پر رجسٹرڈ ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔