چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 259 ہوگئی
- ہفتہ 01 / فروری / 2020
- 5500
چین کے صحت حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلنے سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 259 ہوگئی ہے۔
وبا کے پھیلنے کے مقام چین کے صوبہ ہوبے جانے والی سڑکیں بند کردی گئی ہیں جبکہ عوامی ٹرانسپورٹ بھی روک دی گئی ہے۔ وائرس کے بیرون ممالک میں پھیلنے کے خدشے کے سبب امریکا نے چین کا حال ہی میں دورہ کرنے والے غیر ملکی شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔ امریکا کی 3 بڑی ایئرلائنز کا کہنا ہے کہ وہ چین جانے والی اپنی پروازیں منسوخ کررہی ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ برائے چین گوڈن گیلیا کا کہنا تھا کہ تجارتی و سفری پابندیوں کی ضرورت نہیں ہے۔ رائٹرز سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ممالک کیسز کی درآمد کی نشاندہی اور مقامی سطح پر مرض پھیلنے کی نشاندہی کریں۔
اب تک 2 درجن ممالک نے وائرس کے کیسز کی تصدیق کی ہے تاہم متاثرہ افراد کی بڑی تعداد چین میں ہی ہے۔ قطر ایئرویز اور ایئر نیوزی لینڈ کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سفری پابنیدوں کی وجہ سے وہ 9 فروری سے چین کے لئے براہ راست پرواز روک رہی ہیں۔
ٹریول اینڈ ڈیٹا اینالیٹکس کے مطابق چین میں وبا کے پھیلنے کے بعد سے اب تک 10 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کی جاچکی ہیں۔ کئی ممالک چین سے اپنے شہریوں کو نکالنے کے لیے خصوصی چارٹر طیاروں کا استعمال کر رہے ہیں۔
چین بھر میں شہروں میں وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ ڈیڑھ کروڑ آبادی والے چین کے شمال میں واقع شہر تیانجن میں اگلے نوٹس تک تمام اسکول بند کردیے گئے ہیں اور کاروبار معطل رہیں گے۔ چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز 2 ہزار 102 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی جس کے بعد اب تک سامنے آنے والے کل کیسز کی تعداد 11 ہزار 791 ہوگئی ہے۔
ہوبے صوبے کے مقامی ہیلتھ کمیشن کا کہنا تھا کہ وبا سے گزشتہ روز 45 نئی ہلاکتیں ہوئیں جس کی وجہ سے کل ہلاکتوں کی تعداد 249 ہوگئی جبکہ دیگر ہلاکتیں جنوب مغربی شہر چونگ کنگ میں پیش آئی۔
وائرس کے پھیلنے کا مرکز شہر ووہان میں گزشتہ روز 33 ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد وہاں اب تک ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 192 ہوگئی ہے۔