ڈرگ کاک ٹیل کے ذریعے کورونا وائرس کا علاج دریافت کرنے کا دعویٰ

  • اتوار 02 / فروری / 2020
  • 12670

تھائی لینڈ کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ ایک چینی خاتون کا علاج نزلہ اور ایچ آئی وی کے علاج میں استعمال ہونے والے اینٹی وائرل کاک ٹیل کے ذریعے کیا گیا ہے۔ اس سے ڈرامائی انداز میں بہتری آئی ہے۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ کی وزارت صحت کی پریس بریفنگ کے دوران ڈاکٹر کریئنگسک ایٹیپورنوانچ کا کہنا تھا کہ 71 سالہ خاتون میں وائرس مثبت آنے کے بعد ہمارے ڈاکٹرز نے ان کا علاج کیا اور 48 گھنٹے بعد نتیجہ منفی آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کوروناوائرس 48 گھنٹے بعد منفی آیا۔ پہلے وہ شدید پریشان تھیں لیکن 12 گھنٹے بعد وہ بستر پر بیٹھ سکتی تھیں۔ ڈاکٹر کریئنگسک نے کہا کہ ڈاکٹروں نے انسداد فلو ادویات کو ایچ آئی وی کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی ڈرگس لوپنویر اور ریٹوناویر، اینڈی وائرل کو ملاکر نئے دوا بنائی تاہم وزارت صحت کو اس سے ثابت کرنے کے لیے تحقیقی نتائج کا انتظار ہے۔

کورونا وائرس کے باعث چین سے باہر پہلی ہلاکت فلپائن میں رپورٹ ہوئی ہے جہاں ایک  44 سالہ چینی دم توڑ گیا تھا جبکہ چین میں ہلاکتوں کی تعداد 300 سے تجاوز کرچکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ میں اب تک 19 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو چین کے شہر ووہان سے تھائی لینڈ پہنچے تھے۔ یہ تمام مریض زیر علاج ہیں۔

جاپان کے بعد تھائی لینڈ دوسرا ملک ہے جہاں چین کے بعد کورونا وائرس سے متاثرہ ہونے والے زیادہ مریض موجود ہیں۔  جاپان میں 20 افراد میں کورونا وائرس کا شکار ہیں۔ تھائی لینڈ میں زیرعلاج مریضوں میں سے 8 افراد صحت یاب ہو کر واپس اپنے گھروں کو چلے گئے ہیں جبکہ 11 افراد اب بھی ہسپتال میں موجود ہیں۔

تھائی لینڈ کے وزیرصحت کی جانب سے جاری ایک ویڈیو کے مطابق انہوں نے ووہان سے آنے والی مریضہ کی عیادت کی جو کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکی ہیں اور ملاقات کے دوران خاتون نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں چین سے یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دل ووہان میں ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس کے آخر میں چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والے کورونا وائرس کے نتیجے میں اب تک 14 ہزار افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ یہ وائرس 24 ممالک تک پھیل چکا ہے۔ چین میں حکام کی جانب سے کورونا وائرس سے 45 نئی ہلاکتوں کی تصدیق کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 304 تک ہو گئی ہے۔

چین میں کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 5 سو 90 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 14 ہزار 5 سو کے قریب پہنچ گئی ہے۔ چین نے لوگوں کو سفر سے روکنے کے لیے غیرمعمولی اقدامات کیے ہیں کیونکہ وائرس باآسانی ایک شخص سے دوسرے میں منتقل ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ چین نے ووہان اور اس کے ارد گرد کے شہروں کو لاک ڈاؤن کردیا ہے لیکن اس کے باوجود وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے۔