ٹرمپ نے ہاتھ نہیں ملایا، نینسی پلوسی نے صدر کی تقریر پھاڑ دی

  • بدھ 05 / فروری / 2020
  • 4920

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کانگریس کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کے دوران تلخی کا عنصر نمایاں تھا۔

صدر ٹرمپ نے ایوانِ نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی سے مصافحہ نہیں کیا۔ اس کے ردعمل میں نینسی پلوسی نے امریکی صدر کی تقریر کا مسودہ پھاڑ دیا۔ اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کے دوران امریکی صدر نے اپنے خلاف جاری مواخذے کی کارروائی پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔  ماحول اُس وقت تلخ ہوا جب امریکی صدر نے خطاب سے قبل اپنی تقریر کی کاپی اسپیکر نینسی پلوسی کے حوالے کی۔ جس کے بعد نینسی پلوسی نے اپنا ہاتھ آگے بڑھاتے ہوئے صدر سے مصافحہ کرنا چاہا۔ لیکن صدر ٹرمپ اُنہیں نظرانداز کرتے ہوئے آگے بڑھ گئے۔

صدر کے اسٹیٹ آف یونین خطاب سے قبل یہ روایت رہی ہے کہ اسپیکر کی جانب سے صدر کا خیر مقدم کیا جاتا ہے اور اُن کی یہاں موجودگی کو اعزاز سمجھنے جیسے کلمات کہے جاتے ہیں۔ لیکن ٹرمپ کے خطاب سے قبل اسپیکر نینسی پلوسی نے صرف یہ کہنے پر اکتفا کیا کہ "معزز اراکین کانگریس، امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ" صدر کے خطاب کے بعد اسپیکر پلوسی اپنی نشست سے اُٹھیں اور صدر کی جانب سے اُنہیں دی گئی تقریر کی کاپی پھاڑ دی۔

بعدازاں ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں نینسی پلوسی نے اپنے اس اقدام سے متعلق کہا کہ صدر کی تقریر کا اس سے شائستہ کوئی اور جواب نہیں تھا۔ نینسی پلوسی نے ٹوئٹر پر صدر ٹرمپ سے مصافحے کے لیے ہاتھ بڑھانے کی تصویر شائع کرتے ہوئے لکھا کہ ہم عوامی مفادات کے لیے دوستی کا ہاتھ بڑھاتے رہیں گے لیکن جہاں اُصول کی بات ہو گی وہاں ڈٹے رہیں گے۔

امریکی صدر اور اسپیکر نینسی پلوسی کا آمنا سامنا لگ بھگ چار ماہ بعد ہوا ہے۔ اس سے قبل دونوں کی ملاقات وائٹ ہاؤس میں ہوئی تھی جب نینسی پلوسی اور صدر ٹرمپ کی شمالی شام کی صورتِ حال کے حوالے سے ملاقات میں بدمزگی ہوئی تھی۔ نینسی پلوسی نے ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ کو بتایا تھا کہ صدر ٹرمپ نے اُنہیں تیسرے درجے کی سیاست دان کہا۔ گزشتہ سال اکتوبر میں ہونے والی اس ملاقات کے بعد دونوں ایک دوسرے کے خلاف تندو تیز بیانات دیتے رہے ہیں۔