پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے

  • بدھ 05 / فروری / 2020
  • 4740

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے۔

اس دن کو منانے کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا اور یہ باور کرانا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ ہر سال 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جاتا ہے تاہم رواں سال اس کی اہمیت بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور لاک ڈاؤن کے نفاذ کی وجہ سے بڑھ گئی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کو اس کی خصوصی حیثیت سے محروم کردیا تھا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کو تقسیم کرتے ہوئے اسے 2 وفاقی اکائیوں میں تبدیل کردیا تھا جس کا اطلاق گزشتہ سال 31 اکتوبر سے ہوگیا۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کرتے ہوئے مکمل لاک ڈاؤن کردیا تھا جو 5 اگست سے اب تک جاری ہے۔ وہاں کے عوام کو مواصلاتی نظام کی بندش کا سامنا ہے جس کی وجہ سے معاشی بحران پیدا ہوگیا ہے۔ شہری اپنے اہلخانہ سے رابطہ قائم کرنے سے محروم  ہیں۔

آج یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان بھر میں عام تعطیل ہے اور اس دن کی مناسبت سے وزیر اعظم عمران خان کا مظفر آباد میں آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں خصوصی اجلاس سے خطاب کیا۔

یوم یکجہتی کشمیر پر پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کو جوڑنے والے کوہالا، منگلا، ہولار اور آزاد پتن کے مقام پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی جبکہ اسی دوران وفاقی دارالحکومت میں ڈی چوک پر بھی شہری انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائیں گے۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مختلف حصوں میں ریلیوں، جلسوں، سیمینارز اور دیگر تقاریب کا انعقاد کیا جارہا ہے جبکہ بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج بھی کیا جائے گا۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے اپنے پیغام میں کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کے خلاف ہمت، جبر کے خلاف قربانی کشمیری عوام کی امید کی جنگ ہے لیکن ان سب کا سامنا کرنے کے باوجود کشمیری عوام نے خود کو کبھی بھارت کے آگے جھکنے نہیں دیا۔