مودی کا اقدام آزادی کشمیر کا سبب بنے گا: وزیر اعظم

  • بدھ 05 / فروری / 2020
  • 4780

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی شک نہیں مودی نے جو قدم اٹھایا ہےاس سے کشمیر آزادی کی جانب بڑھےگا۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں جمہوریت پسند ہوں کیونکہ دنیا کی تاریخ نے یہ ثابت کیا ہےجمہوریت جتنی بھی بری ہو پھر بھی وہ سب سے بہتر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مغرب ہم سے اس لئے آگے بڑھا کہ وہاں جمہوریت آگئی۔ جتنی بہتر جمہوریت ہوتی ہے اتنی کم غربت ہہوتی ہے، جن لوگوں میں جمہوریت تھی وہ آگے بڑھ گئے اور جن میں نہیں تھی وہ پیچھے رہ گئے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اگر آپ دنیا کے سب سے خوشحال ملک دیکھیں اور سب سے غریب ملک دیکھیں تو آپ کو محسوس ہوگا کہ خوشحالی کی وجہ سے حکومت اور شفافیت ہے جبکہ دیگر ملک کرپشن کی وجہ سے غریب ہیں۔  میری کسی سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ اگر کوئی میرے گھر میں چوری کرتا ہے اور اسے مقروض کرتا ہے تو کیا میں اس سے دوستی کرلوں؟

عمران خان نے کہا کہ کبھی بھی مجھے کرپٹ لوگوں سے مفاہمت کرنے کا نہ کہیں کیونکہ ہر ادارہ کرپشن سے خالی کیا گیا ہے۔  وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کبھی مایوس نہ ہوں۔ مایوسی گناہ ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ آپ کا اللہ پر ایمان ختم ہوگیا ہے۔ میں اپنی قوم سے کہتا ہوں کہ اونچ نیچ تو اللہ کی طرف سے آتی ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر امریکا کی ثالثی انتہائی خطرناک ہے۔ اس سے صرف بھارت کو فائدہ ہوگا۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ آج کے روز پاکستان کے عوام اور حکومت کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کررہے ہیں۔

راجا فاروق حیدر نے کہا کہ قائداعظم نے تقسیم ہند سے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ کانگریس مسلمانوں کو دھوکا دے گی۔ ہمیں ادراک ہے کہ پاکستان کن مشکلات کا شکار ہے اور اس کے باوجود کشمیریوں کا ساتھ دینے پر حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ امریکا کی ثالثی انتہائی خطرناک ہے یہ کبھی پاکستان کے حق میں نہیں جائے گی۔ امریکا سے ثالثی ہمیشہ بھارت کے حق میں جائے گی۔

خصوصی اجلاس کے آغاز کے موقع پر آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے ترانے بجائے گئے جبکہ آزادی کشمیر کے شہدا اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے شہریوں اور فوجی جوانوں کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد پہنچے تھے۔  مظفرآباد آمد پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے ان کا استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

اس دن کی مناسبت سے جاری خصوصی پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ بھارت نے 9 لاکھ فوج کی تعیناتی کے ذریعے 80 لاکھ کشمیریوں کو اپنی ہی سرزمین پر قیدی بنا دیا ہے۔ بھارت دنیا کے سامنے انتہا پسند ہندوانہ بالادستی پر عملدرآمد کرنے والے ملک کے طور پر بے نقاب ہوگیا ہے جس نے کشمیریوں کے بنیادی حقوق اور آزادی کو سلب کر رکھا ہے۔

خیال رہے کہ آج ملک بھر میں یومِ یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے اور اس موقع پر پاکستان بھر میں عام تعطیل ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر پر پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کو جوڑنے والے کوہالا، منگلا، ہولار اور آزاد پتن کے مقام پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی۔