چین کروناوائرس کا خاتمہ کرکے رہے گا: صدر شی جن پنگ

  • جمعہ 07 / فروری / 2020
  • 5570

چین کے صدر شی جن پنگ نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فون پر بات کر کے اُنہیں کرونا وائرس کے خاتمے لیے چین کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا ہے۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی 'ژن ہوا' کے حوالے سے بتایا ہے کہ صدر شی نے امریکی صدر سے گفتگو میں کہا کہ اس وبا کے خاتمے کے لیے مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور بہت جلد چین اسے شکست دے گا۔ دوران گفتگو چینی صدر نے امریکی ہم منصب پر زور دیا کہ امریکہ اس معاملے پر ذمہ داری کا ثبوت دے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر نے چینی ہم منصب سے کہا کہ امریکہ کو یقین ہے کہ چین اس وبا سے نمٹ سکتا ہے۔ چین امریکہ اور دیگر ممالک کی جانب سے چینی شہریوں پر عائد کی جانے والی سفری پابندیوں پر ناراضگی کا اظہار کر چکا ہے۔ چین کو امریکہ سے یہ بھی گلہ رہا ہے کہ وہ کرونا وائرس کے معاملے پر چین کے خلاف ایک خوف کی فضا پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

اس سے قبل چین کے صدر کرونا وائرس کے خلاف اقدامات کو 'عوامی جنگ'  قرار دے چکے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ چین اپنی تمام تر قوت اور وسائل کے ساتھ اس وبا کا مقابلہ کر رہا ہے۔ چین میں سوشل میڈیا پر ووہان کے اُس ڈاکٹر کی موت پر بھی افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ جو اُن آٹھ افراد میں شامل تھے، جنہوں نے اس متوقع وبا کا انکشاف کیا تھا۔

چینی پولیس نے  ڈاکٹر لی وین لیانگ سمیت دیگر افراد پر فلو کی طرح کا وائرس پھیلنے کی افواہیں پھیلانے پر سر زنش کی تھی۔ لی وین لیانگ نے ٹوئٹر پر سب سے پہلے 'سارس' کی طرح کے کرونا وائرس کے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ جس کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی تھی۔ لی نے 2002 اور 2003 کے دوران چین مین پھوٹنے والی وبا 'سارس' کا حوالہ دیا تھا جس میں 800 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ لیکن لی خود بھی کرونا وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہو گئے ہیں۔ لی کی ہلاکت کے بعد کرونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے طبی عملے کے حوالے سے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔

چین کی کمیونسٹ پارٹی کے جریدے میں لی وین لیانگ کی موت پر دُکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر لوگ اس معاملے پر چینی حکومت پر تنقید کر رہے ہیں کہ اگر پہلے ہی لی کی بات پر کان دھر لیے جاتے تو اتنی ہلاکتیں نہ ہوتیں۔ امریکہ سمیت مختلف ممالک نے چین پر یہ بھی الزام لگایا ہے کہ اُس نے اس وبا کو چھپانے کی کوشش کی تھی۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق چین میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 640 ہو گئی ہے جب کہ مزید 3143 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جس کے بعد مجموعی طور پر 31161 سے زائد مریض اس وائرس سے متاثر ہیں۔ دُنیا کے 27 ممالک میں وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہو چکا ہے جہاں 327 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔