تھائی لینڈ میں فوجی کی فائرنگ سے 20 افراد ہلاک
- ہفتہ 08 / فروری / 2020
- 4560
تھائی لینڈ میں ایک فوجی نے درجنوں افراد کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ یہ ہلاکتیں ناکھون راچاسیما نامی شہر میں اور شہر کے اطراف میں ہوئیں۔ پولیس حکام نے 20 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
ناکھون راچاسیما شہر بینکاک کے شمال مشرق میں واقع ہے۔ وزارتِ دفاع کے ترجمان نے بی بی سی تھائی سروس کو بتایا کہ 32 برس کے جاکرا فنتھ تھوما نامی جونیئر فوجی اہلکار نے پہلے اپنے افسر پر حملہ کیا اور اس کے بعد ایک فوجی کیمپ، بودھ عبادت گاہ اور ایک شاپنگ سینٹر پر فائرنگ کی۔
حملہ آور نے پہلے فوجی کیمپ سے اسلحہ حاصل کیا اور پھر ایک فوجی گاڑی میں وہاں سے روانہ ہوا۔ شاپنگ سینٹر کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں اسے رائفل تانے دیکھا جا سکتا ہے۔ مقامی میڈیا پر نشر کی جانے والی فوٹیج میں مشتبہ حملہ آور کو ٹرمینل 21 شاپنگ سینٹر کے سامنے اپنے گاڑی سے باہر نکلتے اور فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
وزارتِ دفاع کے ترجمان نے بتایا ہے کہ حملہ آور اب ایک عمارت کے زیرِ زمین حصے میں چھپا ہوا ہے۔ سکیورٹی اہلکاروں نے عمارت کو گھیرے میں لیا ہوا ہے اور لوگوں کو اپنے گھروں میں رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ایک شاپنگ سینٹر کے قریب فائرنگ کے مناظر سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے گئے ہیں۔
مشتبہ حملہ آور نے حملے کے دوران بھی اپنے سوشل میڈیا اکاونٹس پر کئی پیغامات لکھے۔ اِس نے فیس بک پر لکھا کہ اسے خود کو حکام کے حوالے کر دینا چاہیے۔ ایک اور پوسٹ میں اس نے لکھا کہ 'جذبے کا وقت آ گیا ہے۔'