پی ٹی آئی، مسلم لیگ (ق) میں اتفاق رائے، اختلافات دور کرلئے گئے

  • سوموار 10 / فروری / 2020
  • 4840

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

لاہور میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کی مذاکراتی ٹیم کی ملاقات کے بعد مشترکہ میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ ملاقات میں تمام معاملات پر تفصیلی بات چیت ہوئی، حکومت کو درپیش چیلنجز پر بھی بات ہوئی۔ بات چیت میں طے پایا کہ حکومت کو درپیش مسائل کا مل جل کر سامنا کریں گے اور مسائل کا مشاورت سے حل تلاش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں وزیر اعظم عمران خان کی کوششوں اور مثبت پالیسیوں پر کوئی شک نہیں ہے اور چاہتے ہیں کہ ہمارا اتحاد اسی طرح برقرار رہے۔ لیکن تبدیلی کے ثمرات نچلی سطح تک جانے چاہئیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک دوسرے کو رابطوں کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معمولی معاملات تھے، لوگوں نے سمجھا کہ ہم علیحدہ ہوگئے۔  اتحادی حکومت قائم ہے۔ کوئی اسے نہیں چھوڑرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے کرلیے ہیں اور آئندہ 3 سال یہ اتحاد جاری رہے گا۔ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ اتحادیوں میں کچھ چھوٹی چھوٹی باتیں تھیں جن پر مخالفین افواہیں بنارہے تھے۔ ہم نے تمام امور پر بیٹھ کر بات کی اور اتفاق رائے ہوگیا۔ تحریک انصاف کے اتحادی حکومت کے ساتھ ہیں۔