وزیراعظم کی کون سی کرپشن کی وجہ سے مہنگائی ہوئی ہے: بلاول بھٹو

  • منگل 11 / فروری / 2020
  • 4870

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری حکومتی اقدامات کو عوام کا معاشی قتل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی میں سب سے زیادہ مہنگائی گزشتہ ایک برس میں ہوئی ہے۔ وزیراعظم بتائیں کہ ان کی کون سی کرپشن کی وجہ سے مہنگائی ہوئی ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں مہنگائی اور غربت مزید بڑھ گئی ہے اور ہرطبقہ پریشان ہے۔ بےبس پارلیمنٹ میں مہنگائی پربحث ہورہی ہے۔ حکومت کی خالی نشستوں سے بحث کی اہمیت کا اندازہ ہورہا ہے کہ وہ کتنی اہمیت دے رہے ہیں۔ انہوں نے تو اپنے سینئر وزرا کو بھی نہیں بھیجا۔ یہاں وزرائے مملکت، سائنس اور پوسٹ کا وزیر موجود ہے لیکن اصل وزیر نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ ایک دن یہ پارلیمان اپنے وزیر خزانہ کو بھی دیکھے گی اور وہ ہمارے سوالوں کے جواب دیں گے۔ یہ حکومت مانے یا نہ مانے سب کو نظر آرہا ہے کہ مہنگائی بہت بڑھ گئی ہے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ جب یہ حکومت آئی تو مہنگائی اور بے روزگاری تھی لیکن اب بہت بڑھ گئی ہے۔  بیورو آف اسٹیٹکس حکومتی ادارہ کہہ رہا ہے کہ پچھلی دہائی میں مہنگائی اتنی تیزی سے نہیں بڑھی جتنی پچھلے ایک سال میں بڑھی۔ مہنگائی کی شرح  اب 14 اعشاریہ 5 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ عوامی نمائندے معاشی قتل پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ عوام کو ریلیف دو ورنہ گھر جانا پڑے گا۔ وزیراعظم بتائیں ان کی کون سی کرپشن کی وجہ سے مہنگائی ہوئی ہے۔  وزیراعظم مان لیں کہ وہ نالائق، نااہل اور سلیکٹڈ ہیں۔ حکومت اپنے ٹیکس اہداف بھی پورے نہیں کرپا رہی اور غریب عوام کو لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے۔

حکومت کی پالیسیاں عوام دشمن ہیں۔ بجٹ عوامی نہیں بلکہ پی ٹی آئی ایم ایف ہے جبکہ حکومت بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کو ختم کرناچاہتی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی رہنما خواجہ آصف ن اپنی تقریر میں کہا کہ ملک میں غلطیوں کا انبار لگا ہوا ہے۔ وقت بدل رہا ہے، ہوا بدل رہی ہے۔ اپوزیشن نے حکومت کا کچھ نہیں بگاڑا بلکہ یہ حکومت اپنے بوجھ سے خود گر رہی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں ملک میں جمہوریت کی جڑیں مضبوط کرنی ہیں۔