مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف غداری کیس کے بیان پر پارلیمنٹ میں احتجاج
- ہفتہ 15 / فروری / 2020
- 4230
قومی اسمبلی کے اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف حکومت گرانے کی کوشش پر غداری کا مقدمہ چلنے سے متعلق وزیراعظم عمران کے بیان پر اراکین قومی اسمبلی نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
ان ارکان نے کہا کہ اگر حکومت ایسا کرسکتی ہے تو کرکے دکھائے۔ اپوزیشن نے متفقہ طور پر مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف ایسے کسی قسم کے حکومتی اقدام کے خلاف آواز اٹھائی اور حکومت کو چیلنج کیا کہ ’اگر کرسکتے ہیں تو کر کے دکھائیں‘۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر غداری کا مقدمہ بنایا گیا تو یہ مولانا فضل الرحمٰن اور مسلم لیگ (ن) خواجہ آصف کے ساتھ زیادتی ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہاں سب سے زیادہ مطلوب دہشت گرد احسان اللہ احسان فرار ہوجاتا ہے لیکن مقدمات صرف سیاسی قیادت کے خلاف بنائے جاتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت کو وضاحت کرنی چاہیے کہ سیاستدانوں کے خلاف کن وجوہات اور کن الزامات کے تحت غداری کے مقدمات قائم کیے جائیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کو عمران خان سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ انہوں نے جمہوریت کے لیے ہر قربانی دی ہے۔ یہاں کراچی کے سابق ایس ایس پی راؤ انوار اور کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کے احسان اللہ احسان آزاد گھوم رہے ہیں جبکہ سیاستدانوں کے خلاف مقدمات بنائے جارہے ہیں، اس قسم کی راہیں نہ کھولیں یہ خطرناک ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں قیمتوں میں بے پناہ اضافے سے توجہ ہٹانے کے لیے حکمران غداری کے مقدمات بنانے کی بات کررہے ہیں۔ غداری کا مقدمہ ان پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف بنانے چاہیے جنہوں نے پی ٹی وی پر حملہ کیا۔
مولانا فضل الرحمٰن کے بیٹے اور رکن اسمبلی مولانا اسد محمود نے ایوان میں کہا کہ ’آرٹیکل 6 مولانا پر نہیں بلکہ سیلیکٹڈ وزیراعظم پر لگنا چاہیئے‘۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں آپ (وزیراعظم) کو چیلنج کرتا ہوں کہ ہمارے خلاف مقدمات بنائیں، ہم وہ نہیں کریں گے جو یہ حکومت چاہتی ہے۔
وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ حکومت کو کسی کو ہدف بنانے کا کوئی ارادہ نہیں لیکن مولانا فضل الرحمٰن کو قوم کو بتانا پڑے گا انہیں کس نے حکومت گرانے کی یقنی دہانی کروائی تھی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کا ایک بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ حکومت گرانے سے متعلق بیان پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف آرٹیکل 6 کا مقدمہ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا تھا کہ خفیہ ادارے نواز زرداری کی کرپشن سے پوری طرح آگاہ ہیں اور اداروں کو یہ بھی پتہ ہے کہ میں پیسے نہیں بنا رہا بلکہ دن رات محنت کر رہا ہوں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ حکومت کہیں نہیں جارہی بلکہ اپنی مدت پوری کرے گی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم کے ریمارکس مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے رواں ہفتے دیے گئے ایک بیان کے جواب میں سامنے آئے۔ جے یو آئی ف کے سربراہ نے کہا تھا کہ انہوں نے گزشتہ برس اپنا آزادی دھرنا اس لیے ختم کیا کیونکہ انہیں یہ یقین دہانی کروائی گئی تھی کہ عمران خان کا استعفیٰ ہوگا اور 3 ماہ میں نئے انتخابات ہوں گے۔