اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پہلے سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے
- اتوار 16 / فروری / 2020
- 4640
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس افغان مہاجرین سے متعلق عالمی کانفرنس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے پاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر نور خان ایئر بیس پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم، دفتر خارجہ اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام نے انتونیو گیوتریس کا استقبال کیا۔
پاکستان آمد سے قبل انتونیو گوتریس نے کہا تھا کہ وہ امن پسندوں کے طور پر خدمات انجام دینے والوں سے اظہار تشکر کریں گے۔ ایک ٹوئٹ پیغام میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان، دنیا بھر میں اقوام متحدہ کی امن پسند کوششوں میں سب سے زیادہ مستقل اور قابل اعتماد تعاون کرنے والوں میں سے ایک ہے۔ میں پاکستان جارہا ہوں جہاں میں امن کے لیے خدمات سرانجام دینے والوں کا شکریہ ادا کروں گا۔
اپنے دورے کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل افغان مہاجرین کی پاکستان میں موجودگی کے 40برس مکمل ہونے سے متعلق عالمی کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ ان کے ترجمان اسٹیفن دوجریک نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں بر یفنگ کے دوران کہا ہے کہ اسلام آباد میں 17 فروری سے شروع ہونے والی 2 روزہ کانفرنس 4دہائیوں سے زائد عرصے سے لاکھوں افغان مہاجرین کی ملک میں موجودگی سے متعلق پاکستان کی سخاوت کا اعتراف ہوگا۔
کانفرنس حکومت پاکستان اور اقوام متحدہ کے کمیشن برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کی جانب سے منعقد کی جارہی ہے۔ اس کا افتتاح وزیراعظم عمران خان کریں گے۔ عالمی کانفرنس میں امریکا کے سینئر حکام بھی شرکت کریں گے۔ سیکریٹری جنرل کے ترجمان کے مطابق دورہ پاکستان کے دوران انتونیو گوتریس کی وزیراعظم عمران خان اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کا امکان ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کریں گے اور پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق تقریب سے خطاب کریں گے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل 17 فروری کو صدر مملکت عارف علوی سے بھی ملاقات کریں گے۔
18 فروری کو وہ لاہور کا دورہ کریں گے جہاں وہ طلبہ سے ملاقات کریں گے اور پاکستان کی انسداد پولیو مہم سے متعلق تقریب سے خطاب کریں گے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سکھوں کے اہم مذہبی مقام گوردوارہ کرتار پور صاحب کے دورے کے لیے کرتارپور بھی جائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان سیکریٹری جنرل نے کہا کہ انتونیو گوتریس دورے کے دوران کشمیر کے متنازع علاقے کا دورہ نہیں کریں گے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بدھ واپس نیویارک جائیں گے۔