جرمنی: شیشہ بار میں فائرنگ سے نو افراد ہلاک

  • جمعرات 20 / فروری / 2020
  • 4460

جرمنی کے جنوب مغربی شہر ہنو میں ایک نامعلوم شخص کی فائرنگ سے کم از کم نو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ حکام کے مطابق ایک مسلح شخص نے شہر کے کم از کم دو شیشہ بارز میں بدھ کی شب فائرنگ کی۔

فائرنگ کے واقعات رات 10 بجے کے لگ بھگ پیش آئے۔ فائرنگ کے وقت دونوں شیشہ بارز میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ فائرنگ سے کئی افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں مختلف اسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ کم از کم پانچ زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے کئی گھنٹے بعد انہیں مشتبہ حملہ آور کی لاش بھی اس کے گھر سے مل گئی ہے اور بظاہر لگتا ہے کہ اس نے خود کشی کی ہے۔ حکام کو مشتبہ حملہ آور کے گھر سے ایک اور لاش بھی ملی ہے جس کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ جرمن میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ مشتبہ حملہ آور جرمن شہری ہے اور پولیس کو اس کی کار سے اسلحہ بھی ملا ہے۔

پولیس کے مطابق تاحال حملے کی وجوہات کا تعین نہیں ہوسکا ہے اور نہ ہی ایسے شواہد ملے ہیں جن سے یہ لگے کہ حملے میں ایک سے زائد افراد ملوث تھے۔ ہنو کی آبادی لگ بھگ ایک لاکھ ہے اور یہ جرمنی کے معاشی مرکز فرینکفرٹ سے 20 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔

شہری انتظامیہ نے فائرنگ کے واقعات کو شہر کی تاریخ کا بد ترین واقعہ قرار دیا ہے۔