شتروگھن سنہا پاکستان میں کیا کر رہے ہیں؟

  • اتوار 23 / فروری / 2020
  • 6650

بالی وڈ کے  اداکار اور سیاسی جماعت کانگریس کے رہنما ​شتروگھن سنہا ان دنوں پاکستان میں ہیں اور سوشل میڈیا پر یہ بحث جاری ہے کہ وہ پاکستان میں کیا کر رہے ہیں۔

وہ کئی روز قبل پاکستان آئے تھے لیکن انہوں نے اپنی آمد کی اطلاع کسی کو نہیں دی تھی۔ تاہم ایک شادی کی تقریب میں ان کی موجودگی سے متعلق ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس کے بعد سماجی رابطوں کی سائٹ پر تبصرے شروع ہوئے کہ ویڈیو میں دکھائی دینے والے شخص کیا شتروگھن سنہا ہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا تھا کہ وہ  پاکستانی اداکارہ ریما کے ہمراہ شادی کی تقریب میں شریک ہیں۔

شترو گھن سنہا اور ریما کی جانب سے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کی گئی اور نہ ہی ریما کی جانب سے بھارتی اداکار سے ملاقات کا کوئی بیان سامنے آیا تھا۔ تاہم اتوار کو شتروگھن سنہا نے پاکستان کے صدر عارف علوی سے ملاقات کی جس کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ اس ملاقات سے متعلق خبریں مقامی ٹی وی چینلز پر نشر کی جا رہی ہیں۔

ادھر بھارتی خبر رساں ادارے 'اے این آئی' سمیت متعدد میڈیا ہاؤسز نے بھی ملاقات سے متعلق تصاویر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں بھارتی سرحدی فورس پر حملے کے بعد سے دونوں ملکوں کے فنکاروں کی ایک دوسرے کے ممالک آمد و رفت بند ہے۔ پاکستان میں بھارتی ٹی وی ڈراموں، اشتہارات اور فلموں کی نمائش پر بھی پابندی عائد ہے۔

یاد رہے کہ شتروگھن سنہا بالی وڈ کے اداکار کے علاوہ  کانگریس پارٹی کے رہنما بھی ہیں۔  اس سے قبل وہ بھارتیہ جنتا پارٹی سے وابستہ رہ چکے ہیں۔ ایسے میں ان کی پاکستان آمد حیران کن قرار دی جا رہی ہے۔  وہ کئی مرتبہ عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد بھارتی ایوانوں کا حصہ اور یونین منسٹر بھی رہ چکے ہیں۔

وہ اداکارہ سوناکشی سنہا کے والد ہیں اور پاکستان کو اپنا دوسرا گھر قرار دیتے رہے ہیں۔ وہ کئی دہائیوں سے پاکستان آ رہے ہیں۔ سابق صدر ضیاالحق کے دور حکومت میں بھی ان کی آمد و رفت جاری رہی۔ وہ جب بھی پاکستان آتے سابق صدر اور ان کے اہل خانہ سے خصوصی ملاقات کرتے۔ وہ ضیا الحق کو اپنا قریبی دوست کہتے تھے۔

ضیا الحق کے بعد نواز شریف  کے دور میں بھی وہ متعدد مرتبہ پاکستان آ چکے ہیں۔ وہ نواز شریف اور ان کے بھائی سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے بھی قریی دوست سمجھے جاتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان کی آمد کے حوالے سے بھارتی اور پاکستانی ٹوئیٹر صارفین کھل کر اپنے اپنے جذبات کا اظہار کررہے ہیں۔ پاکستانی ٹوئٹر صارفین نے اس ملاقات پر کسی قسم کا منفی رویہ تبصرہ نہیں کیا تاہم بھارت میڈیا مسلسل اس پر منفی تبصرے کررہا ہے۔