سندھ میں 13 مارچ تک تمام تعلیمی ادارے بند، کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں اضافہ
- اتوار 01 / مارچ / 2020
- 4960
سندھ حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس کے دو کیسز سامنے آنے بعد صوبے بھر میں تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کے فیصلے میں 13مارچ تک توسیع کردی ہے۔
وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ حکومت نے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کو 13 مارچ 2020 تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ایک اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سندھ کے تمام سرکاری اور غیر سرکاری تعلیمی ادارے 13 مارچ تک بند رہیں گے۔
سندھ حکومت نے 26 فروری کو کراچی میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد 27 فروری اور 28 فروری کو تمام اسکولوں کو بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ دوسری جانب سے بلوچستان حکومت نے 15 مارچ تک تمام تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بلوچستان کے صوبائی وزیرتعلیم سردار یار محمد رند نے کورونا وائرس کے پیش نظر صوبے کے تمام تعلیمی ادارے 15 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیا۔
پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے فوری بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے دوسرے کیس کی بھی تصدیق کی تھی۔ بعد ازاں 29 فروری کو اسلام آباد میں معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا تھا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 2 کیسز سامنے آگئے ہیں اور مجموعی تعداد 4 ہوگئی ہے۔
اس دوران دنیا کے متعدد ممالک مین کورونا وائرس پھیلنے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔ امریکی صحت حکام کا کہنا ہے کہ واشنگٹن میں ہلاک ہونے والے شخص کا کورونا وائرس سے متاثرہ علاقوں سے کوئی تعلق نہیں جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ یہ وائرس کمیونٹیز میں پھیل رہا ہے۔
امریکی ریاست واشنگٹن کے سب سے گنجان آباد علاقے کنگ کاؤنٹی میں ایک شخص کورونا وائرس سے ہلاک ہؤا ہے۔ آسٹریلیا کے مغربی شہر پرتھ کے ایک ہسپتال میں کورونا وائرس کے مریض کی موت ہوگئی ہے۔ مغربی آسٹریلیا کے چیف ہیلتھ افسر اینڈریو رابرٹ سن کا کہنا تھا کہ 78 سالہ شخص کو جاپان کے ڈائمنڈ پرنس بحری جہاز سے دیگر 150 آسٹریلوی شہریوں سمیت لا کر قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔ اس شخص کی اہلیہ بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئیں تاہم ان کی حالت بہتر ہورہی ہے۔
علاوہ ازیں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کے باعث امریکی حکام نے ایران سے سفر کرنے والے افراد پر مکمل پابندی عائد کردی ہے اور امریکیوں کو اٹلی اور جنوبی کوریا جیسے کورونا وائرس سے بری طرح متاثر علاقوں میں جانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے
تھائی لینڈ میں بھی کورونا وائرس سے 35 سالہ شخص ہلاک ہوگیاہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والے شخص کو پہلے ہی ڈینگی بخار تھا۔ اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق چین میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا گیا۔ چین میں ایک ہفتے تک وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد دوبارہ 573 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
جنوبی کوریا میں بھی یہ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 376 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد کل کیسز کی تعداد 3 ہزار 526 ہوگئی۔ چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے عالمی سطح پر اب تک 86 ہزار افراد متاثر اور 2 ہزار 900 سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق چین میں اس وائرس سے اب تک ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 870 ہے جبکہ مجموعی طو پر 79 ہزار 824 کیسز سامنے آچکے ہیں۔
ہانگ کانگ میں 94 کیسز اور 2 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ مکاؤ میں 10 کیسز سامنے آئے۔ جنوبی کوریا میں 3 ہزار 526 کیسز اور 17 ہلاکتیں ہوئی۔ اٹلی میں ایک ہزار ایک سو 28 کیسز اور 29 ہلاکتیں ہوئیں۔ جاپان میں 9 سو47 کیسز سامنے آئے جن میں سے 7 سو 5 ڈائمنڈ پرنسس بحری جہاز سے سامنے آئے جبکہ 12 افراد ہلاک ہوئے۔ ایران میں 593 کیسز سامنے آئے اور 43 ہلاکتیں ہوئیں۔ سنگاپور میں 102 کیسز سامنے آئے۔ فرانس میں ایک سو کیسز اور 2 ہلاکتیں ہوئیں۔ جرمنی میں 66 کیسز سامنے آئے۔ متحدہ عرب امارات میں 19 کیسز سامنے آئے۔
اس کے علاوہ ویتنام میں 16 کیسز، ناروے میں 19، عراق میں 13، سویڈن میں 13، سوئٹزرلینڈ میں 10، لبنان میں 7، نیدرلینڈز میں 7، کروشیا اور اومان میں 6، 6، آسٹریا، اسرائیل اور روس میں 5، 5، یونان اور پاکستان میں 4، 4، فن لینڈ اور بھارت میں 3، 3 کیسز، فلپائن میں 3 کیسز اور ایک ہلاکت، رومانیہ میں 3، برازیل، ڈنمارک اور جارجیا میں 2، 2 کیسز سامنے آئے ہیں۔
الجزائر، افغانستان، آرمینیا، آذربائیجان، بیلاروس، بیلجیئم، کمبوڈیا، ایکواڈور، مصر، استونیا، آئس لینڈ، آئر لینڈ، لیتھونیا، موناکو، نیپال، نیوزی لینڈ، نائیجیریا، شمالی مقدونیہ، قطر، سین مارٹینو، سری لنکا میں کورونا وائرس کا ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔