کورونا وائرس: عمرہ پر مکمل پابندی، متعدد ممالک میں اسکول بند

  • جمعرات 05 / مارچ / 2020
  • 4900

کورونا وائرس پھیلنے کی وجہ سےمتعدد ممالک میں اسکول بند کردیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سعودی عرب نے کورونا وائرس کے اندیشے کی وجہ سے عمرہ کرنے اور مسجد نبوی میں جانے پر پابندی لگا دی ہے۔

اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد ایک سو ہوگئی ہے جس کے بعد  اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کو مسلسل بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس وقت دنیا میں تقریباً 30 کروڑ بچے  اسکول جانے سے محروم ہیں۔ کورونا وائرس اس وقت 80 ممالک تک پھیل چکا ہے۔ اس وقت تک دنیا بھر میں 95 ہزار افراد متاثر اور 3200 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

عالمی سطح پر ہلاکتوں اور کیسز کی بڑی تعداد کا تعلق چین سے ہے جہاں یہ وائرس پہلی مرتبہ گزشتہ سال کے آخر میں سامنے آیا تھا۔ وائرس کے پھیلتے ہی دیگر ممالک نے بھی غیر معمولی اقدامات کیے۔ یونیسکو کا کہنا ہے کہ 13 ممالک نے اسکول بند کیے جس کی وجہ سے 29 کروڑ 5 لاکھ بچے متاثر ہوئے ہیں۔

بدھ کے روز اٹلی نے کورونا وائرس سے ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 107 ہونے کے بعد اسکولوں اور یونیورسٹیوں کو 15 مارچ تک بند رکھنے کا حکم جاری کیا تھا۔ چین کے بعد سب سے زیادہ 6 ہزار کیسز کی تعداد والے ملک جنوبی کوریا نے نئے تعلیمی سال کا آغاز 23 مارچ تک منسوخ کردیا ہے۔ جاپان میں وزیر اعظم شنزو آبے نے مارچ اور موسم بہار کی چھٹیوں کے درمیان تمام کلاسز منسوخ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ فرانس میں تقریباً 120 اسکول بند ہیں۔

پاکستان میں اب تک صرف 5 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ تاہم صوبائی حکومتوں نے اسکولوں کی بندش کا اعلان کر رکھا ہے۔ سندھ میں 13 مارچ، بلوچستان میں 15 مارچ اور گلگت بلتستان میں 7 مارچ تک اسکول بند رہیں۔

کورونا وائرس کے معیشت پر اثرات نمودار ہورہے ہیں۔ یورپ اور مشرقی ایشیائی ملکوں میں چند ہفتوں سے ٹائلٹ پیپر اور دیگر اہم اشیا کی فراہمی میں تعطل آیا ہے۔ امریکی وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق امریکی تاجروں میں اشیا تک رسائی کی تشویش بڑھ رہی ہے اور مجموعی طور پر معاشی صورتحال تشویش ناک ہے۔

امریکا میں کورونا وائرس سے پلاکتوں کی تعدا ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔ کانگریس نے وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے 8 ارب ڈالر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مالیاتی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ وائرس کی وجہ سے متعدد ممالک مالی بحران کا شکار ہوسکتے ہیں۔ آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹینا جارجیوا کا کہنا تھا کہ ایسی غیر یقینی صورتحال کے وقت میں ناکافی اقدامات کیے جانے سے بہتر ہے کہ زیادہ اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وبا عالمی مسئلہ ہے جس پر عالمی رد عمل درکار ہے۔

وائرس دنیا بھر میں پھیلنے سے حکومتیں حفاظتی اقدامات مزید سخت کر رہی ہیں۔ اٹلی میں50 ہزار سے زائد آبادی والے 11 علاقوں کو قرنطینہ میں رکھنا جیسے سخت حفاظتی اقدامات کے باوجود وبا تیزی سے پھیلی ہے۔ نئے اقدامات میں کھیلوں کی تقریبات میں شرکت پر مہینے بھر کے لیے پابندی سمیت عوام کو گالوں پر بوسہ دینے اور ہاتھ ملانے سے منع کیا گیا ہے۔

ایران میں 92 افراد اس وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ اسکول بند کیے جاچکے ہیں اور بڑی ثقافتی و کھیلوں کی تقریبات منسوخ ہوچکی ہیں۔ کئی ممالک بین الاقوامی سفر پر بھی پابندیاں لگا رہے ہیں۔ اسرائیل نے اپنے قرنطینہ اقدامات کو بڑھا دیا ہے۔  فلم انڈسٹری بھی اس وائرس سے متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ سے جیمز بانڈ کی نئی فلم کی ریلیز کی تاریخ بڑھادی گئی ہے۔

امریکا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔  ریاست کیلیفورنیا میں وائرس کی وجہ سے پہلی ہلاکت کے بعد ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسوم نے ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کیلیفورنیا کیسز کی شناخت اور کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم کرنے کے لیے حکومت کی ہر سطح پر کام کررہی ہے۔

سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے عمرے کی ادائیگی کو عارضی طور پر معطل کردیا ہے اور سعودی شہریوں سمیت وہاں مقیم افراد کے مسجد نبوی کی طرف جانے پر بھی عارضی پابندی لگادی ہے۔ سعودی حکومت نے یہ اقدامات کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے کیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق کورونا وائرس کی نگرانی کے لیے بنائی گئی کمیٹی کی تجاویز پر شہریوں اور مقیم افراد کے لیے عمرے کی ادائیگی کو عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے۔ سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے ذرائع نے مزید کہا ہے کہ فیصلے کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا اور حالات تبدیل ہوتے ہی فیصلے کو واپس لے لیا جائے گا۔ اس سے قبل حکومت نے مکہ اور مدینہ میں غیر ملکیوں کے داخلے پر پابندی عائد کی تھی۔